شرح سود میں کمی، 12 فیصد مقرر، مہنگائی مزید نیچے آئیگی: سٹیٹ بینک
کراچی (بیورو رپورٹ) سٹیٹ بینک نے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کر دی،گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود 13 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کر دی ، افراط زر میں آنے والے مہینوں میں اضافہ ہوگا،پاکستان کے معاشی اعشارئیے مثبت ہیں، مہنگائی اور کرنٹ اکاونٹ خسارہ خاطر خواہ کم ہوئے ہیں، مہنگائی مئی 2023 میں 38 فیصد تھی جو کم ہوکر 4.1 فیصد رہی، جنوری میں مہنگائی مزید کم ہوگی،کرنٹ اکاونٹ کھاتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں سرپلس رہا، کرنٹ اکاونٹ سرپلس رہنے کے سبب زرمبادلہ ذخائر بڑھے، جون تک مہنگائی کی شرح 5 سے7 فیصد بینڈ کی اوپرکی سطح پر رہے گی،ورکرز ترسیلات اور برآمدات کے نمبر اچھے ہیں، ملک میں مجموعی زرمبادلہ ذخائر16.19 ارب ڈالرز ہیں،جولائی میں مہنگائی کی شرح 11.50 فیصد رہنے کا اندازہ تھا، مالی سال 2025 میں مہنگائی کی شرح 5.5 سے 7.5 فیصد رہے گی، مالی سال2025 میں کرنٹ اکاونٹ کھاتہ 0.5 فیصد خسارے سے 0.5 فیصد سرپلس کے درمیان رہے گا،مالی سال 2025 میں جی ڈی پی نمو 2.5 سے 3.5 فیصد رہے گی،گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کرکے شرح سود کو ایک فی صد کم کرکے 13 سے 12 فی صد مقرر کیا گیا ہے، معاشی ڈیٹا میں کافی مثبت ٹرینڈ ہیں تاہم افراط زر اور کرنٹ اکاونٹ بیلنس پر بہت دباو تھا، افراط زر اور کرنٹ اکاونٹ میں کافی مثبت پیش رفت ہوئی ہے، افراط زر کچھ ماہ میں بہت تیزی سے کم ہوا ،مئی 2023میں 38 فیصد رہا اور گزشتہ ماہ 4.1 فیصد پر آگیا،جنوری کا افراط زر دسمبر سے بھی کم رہے گا، 6ماہ کا کرنٹ اکاونٹ 1.2 ارب ڈالر سرپلس رہا، اس سے قبل 4.1 ارب ڈالر کا خسارہ رہا تھا، ہمیں زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کا موقع ملا اور ہماری توقعات سے زیادہ استحکام آیا، سٹیٹ بینک کو مارکیٹ میں مداخلت کا موقع مل رہا تھا، سرکاری ذخائر پلان سے کچھ کم رہے جبکہ فارورڈ بک کو مارکیٹ میں مداخلت سے کم کیا، جنوری میں افراط زر مزید کم ہوگا، کور انفلیشن 9.1 فیصد تھا، اب بھی زیادہ ہے اور افراط زر میں آنےوالے مہینوں میں اضافہ ہوگا، گورنر سٹیٹ بینک نے کہا مالی سال کے اختتام تک افراط زر کی شرح 7 فیصد سے اوپر رہے گی، اس بنیاد پر افراط زر کے اہداف میں بھی تبدیلی آئے گی،رئیل انٹرسٹ ریٹ بھی اس سطح پر نہیں رہے گا، مانیٹری پالیسی کمیٹی نے ان عوامل کی وجہ سے محتاط ہوکر فیصلہ کیا، جمیل احمدنے آئندہ 6 ماہ کا تخمینہ بتاتے ہوئے کہا افراط زر کا تخمینہ جولائی میں 11.5 سے 13.5 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا تھا، شرح مبادلہ تیل کی قیمت انٹرنیشنل کموڈیٹی قیمتوں میں کمی سے افراط زر تیزی سے کم ہوا، رواں مالی سال افراط زر 5.5 سے 7.5 فیصد رہے گا اور اہم اشاریہ رواں سال کا کرنٹ اکاونٹ بیلنس ہوگا،جولائی میں 0 فیصد سے ایک فیصد تک جی ڈی پی خسارے کا تخمینہ لگایا تھا،6ماہ میں مثبت پیش رفت سے پورے سال کا کرنٹ اکاونٹ بیلنس 0.5 فیصد خسارے سے 0.5 فیصد سرپلس کے درمیان رہے گا اسی طرح معاشی ترقی کی شرح نمو 2.5 سے 3.5 فیصد رہنے کا اندازہ ہے، معاشی ترقی کی شرح نمو رواں مالی سال 2.5 سے 3.5 فیصد رہنے کا اندازہ ہے،پہلی سہ ماہی میں زرعی نمو کم رہی، رواں سال پہلی سہ ماہی ایک فیصد، گزشتہ مالی سال اس عرصے میں 8 فیصد رہی تھی، معاشی سرگرمیاں بہتر ہورہی ہیں، تیل مصنوعات کی کھپت بڑھ رہی ہے، گورنر سٹیٹ بینک نے کہا پالیسی ریٹ کو 6، 7 ماہ میں 10 فیصد کم کیا گیا ہے،اس کا اثر آہستہ آہستہ معیشت پر آئے گا، معاشی سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی اور زرمبادلہ کے ذخائر جون آخر تک 13 ارب ڈالر سے زائد ہوں گے،جنوری میں زرمبادلہ پر دباو آیا اور کمی ہوئی، آگے چل کر یہ دباو مزید کم ہوگا اور 13 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کریں گے، دسمبر جنوری میں بھاری مالیت کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی گئی ہے۔ فارن انفلوز توقع سے کم رہے، تاہم دوسری ششماہی میں فارن انفلوز بڑھنے کی توقع ہے، افراط زر کا منظر نامہ بہتر ہوا ہے، کرنٹ اکاونٹ بیلنس بھی سرپلس ہوسکتا ہے، پورے سال کے قرضوں کی ادائیگی 26.1 ارب ڈالر کرنی ہے، رول اوور پر اتفاق کیا گیا جن کی مالیت 12.3 ارب ڈالر ہے، مجموعی 16 ارب ڈالر یا تو رول اوور ہوں گے یا ری پے ہو جائیں گے، باقی 10 سے 10.1 ارب ڈالر میں سے 6.4 ارب ڈالر ادا کرچکے ہیں اور باقی قرضہ 3.6 سے 3.7 ارب ڈالر کی ادائیگیاں 6ماہ میں کرنی ہیں،دو تہائی بیرونی قرضہ ادا کردیا جس سے بیرونی قرضوں کا بڑا حصہ ادا ہوگیا ہے، قرضوں کا تناسب بڑھ نہیں رہا، ملٹی لیٹرل انفلوز بھی آنے ہیں، 2.3 سے 2.4 ارب ڈالر دسمبر جنوری میں ادا کیا گیا ، قرضوں کی ادائیگی کے بعد بھی ذخائر میں 700 سے 800 ملین ڈالر کی کمی آئی ، بیرونی اکاونٹ کی صورتحال تسلی بخش ہے، امید ہے آئندہ بھی بہتر رہے گی، گزشتہ سال کے دوران زرمبادلہ کی ادائیگیاں بروقت ہوتی رہیں،دستاویزی عمل کے تقاضے پورے نہ ہونے سے کوئی تاخیر ہوسکتی ہے، بینکوں کو ہدایت کی ہے دستاویزی عمل پوری ہونے پر فوری ادائیگیاں کریں،331 ملین ڈالر سے بیرونی ادائیگیوں کا حجم 2.2 ارب ڈالر پر آگیا، رواں مالی سال پہلے 6ماہ میں 1.2 ارب ڈالر بیرون ملک بھجوائے جاچکے ہیں، بینکوں کو اب سٹیٹ بینک سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ، شپنگ کمپنیوں اور ایئرلائنز کو بیرونی ادائیگیوں میں کسی تاخیر کا سامنا نہیں، امپورٹ میں اضافہ ہورہا ہے، نومبر کے مقابلے میں تیل کی ادائیگیوں میں اضافہ ہوا، معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی تو امپورٹ میں مزید اضافہ ہوگا، ہم امپورٹ میں اضافے کو مانیٹر کررہے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے امپورٹ پر کوئی پابندی نہیں۔
















