بانی پی ٹی آئی پر مقدمات سیاسی بنیادوں پر ہیں ،ختم ہونے چاہئیں: حافظ نعیم الرحمن

کراچی (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں جنہیں ختم ہونا چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمان کراچی ایکسپو سینٹر میں میرا برانڈ پاکستان نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیاسی استحکام ضروری ہے ہر کوئی اسٹیبلشمنٹ کی جانب دیکھتا ہے، ہر کوئی آئینی حدود میں کام کرے۔انہوں نے کہا کہ میرا برانڈ پاکستان کے انعقاد پر پاکستان بزنس فورم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، مسلسل دوسرے سال کامیابی کے ساتھ اس نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے، فلسطینیوں پر جو ظلم سوا سال قبل شروع ہوا وہ آج تک جاری ہے، اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ اس تمام صورتحال میں پاکستان بزنس فورم نے فلسطینیوں کیلئے یہ نمائش سجائی جس میں مصنوعات کے 400 سٹالز لگائے گئے ہیں، میرا پاکستان برانڈ کا مقصد پورے پاکستان کو متوجہ کرنا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نہتے لوگ اسرائیل کیخلاف برسر پیکار ہیں انہوں نے اپنی زمین نہیں چھوڑی، نیتن یاہو نے اسی حماس سے معاہدہ کیا جس کیلئے کہہ رہا تھا کہ اسے فنا کردیگا، پاکستانیوں نے ہر موقع پر فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، ہم اہل غزہ کے ساتھ ہیں اور مکمل سپورٹ کرتے رہیں گے، اسرائیل گھٹیا دشمن ہے جو معاہدہ ہونے کے باوجود بمباری کررہا ہے، میرا برانڈ پاکستان ایک بہترین کاوش ہے ہم یہاں پاکستانی مصنوعات پیش کررہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی کی صنعتوں کو مہنگی ترین بجلی فراہم کی جاتی ہے، کے الیکٹرک ایک مافیا ہے جو کراچی کے عوام کا خون چوس رہی ہے، سندھ میں سسٹم کام کررہا ہے، آرمی چیف نے بھی تاجروں اور صنعتکاروں کو کہا تھا سندھ میں چلنے والے سسٹم کا خاتمہ کرینگے، سندھ اور کراچی سے مکمل سسٹم کا خاتمہ کیا جائے۔