فیصلے سے انصاف کابول بالا،این آر او کا تاثر ختم ہوگیا،وفاقی حکومت

اسلام آباد،سیالکوٹ،فیصل آباد:(بیورورپورٹ)وفاقی حکومت نے کہاہے عدالتی فیصلے سے انصاف کابول بالا،بانی پی ٹی آئی اپنی بےگناہی ثابت نہیں کر سکے، این آر او کا تاثر ختم ہوگیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا190 ملین پاونڈ تاریخ کا سب سے بڑا میگا کرپشن سکینڈل اوپن اینڈ شٹ کیس تھا، انصاف کا بول بالا ہوا،کیس سیاسی بنیادوں اور میڈیا پر لڑا گیا،5،5کیرٹ کی انگوٹھیاں لی گئیں، زمان پارک میں 25 کروڑ کا گھر بنانے کےساتھ قوم کو 80 ارب کا ٹیکہ ذاتی فائدے کیلئے لگایاگیا ،معاملہ جائیداد کی قرقی کی طرف جاتا ہے،پی ٹی آئی کو مذاکرات جاری رکھنے چاہئیں، تاثر بالکل نہیں جانا چاہیے ایک فرد واحد کو کرپشن کیس پر سزا ملی تو مذاکرات نہیں کریں گے، مذاکرات کا مینڈیٹ کبھی بھی ڈیل یا این آر او دینا نہیں تھا، ملکی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہر چیز کو سیاست سے جوڑنا غیر مناسب ہے،کریمنل کیس تھا، ملکوں کے نظام آئین، ضابطے اور قانون کے تحت چلتے ہیں،بند لفافے میں دستاویز لائی گئیں، شہزاد اکبر صاحب نے کہا خفیہ معاہدہ ہے،معاہدہ کریں گے تو 190 ملین پاونڈ حکومت پاکستان کو منتقل کر دئیے جائیں گے، جانتے ہوئے اپروول لی گئی رقم پاکستان کو نہیں آرہی،نیشنل کرائم ایجنسی کو بتایا گیا سپریم کورٹ کا اکاونٹ ہے۔

عطا تارڑ نے کہا سزا میرٹ و قانون کے مطابق ہے، القادر کیس میں مذہب کارڈ استعمال کیا گیا، بانی پی ٹی آئی عدالت میں ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے،190 ملین پاﺅنڈ تاریخ کا میگا کرپشن کیس تھا، ڈیفنس کونسل نے سیاسی طور پر کیس کو لڑا، فیصلے میں کہا گیا وکیل صفائی بےگناہی کے ثبوت پیش نہیں کر سکے، رشوت، کرپشن اور ڈاکہ ثابت ہو ا،القادر ٹرسٹ بلیک منی کو وائٹ کرنے کےلئے بنایا گیا، ثابت کرنا ہوگا بند لفافہ کابینہ میں نہیں لے کر گئے تھے،کیس میں کرپشن ، رشوت ،اختیارات کا ناجائز استعمال ثابت ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہابانی پی ٹی آئی عمران خان کو سزا مکافات عمل ہے، 190 ملین پاونڈز پاکستانی عوام کے تھے،کیس میں سب کچھ واضح ہوگیا ،القادر یونیورسٹی کے نام پر پیسے کھائے گئے جبکہ یونیورسٹی کا وجود تو ہے ہی نہیں،ساڑھے 400 کنال زمین کے ٹرسٹی عمران خان ،اہلیہ ہیں، 4سال ہوگئے اور صرف 400 بچہ پڑھتا ہے،بانی پی ٹی آئی پر شوکت خانم کے پیسے کھانے کا بھی الزام ہے۔

خواجہ آصف نے کہا جھوٹے الزام لگا کر نواز شریف کو سزا سنائی گئی، این سی اے نے تحقیقات کرکے حسن نواز کو کلین چٹ دی ،فیصلے سے مذاکرات متاثر نہیں ہونے چاہئیں،فیصلے میں ثابت ہوا چور چور کے نعرے لگانے والا خود ڈاکے میں ملوث نکلا ،غیر قانونی کام کی کوئی کابینہ منظوری نہیں دے سکتی، ریاست میں بیٹھے افراد کےخلاف چوری کے مقدمات چلیں یہ خوشی کی بات نہیں،نواز شریف کو جھوٹے مقدمات میں پھنسایا گیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا190 ملین پاﺅنڈ سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے گئے، برطانوی اخبار نے بانی پی ٹی آئی کی کرپشن کو عیاں کیا،برطانوی اخبار کےخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی کیونکہ الزام درست ہے، برطانوی عدالت سے بھی بانی پی ٹی آئی کو کرپشن کی سزا مل جائے گی،ملک کو دھوکہ دے کر عمران خان نے اقتدار لیا، بانی پی ٹی آئی سرٹیفائیڈ کرپٹ سیاستدان ہیں،ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سرکاری ڈاکہ ڈالا گیا۔

لیگی سینیٹر طلال چودھری نے کہاعمران،بشریٰ کااصل چہرہ بے نقاب،سزا کے بعد این آر اور کا تاثر ختم ہوگیا،بغاوت ہو یا کرپشن، کسی بھی شخص کو معافی نہیں ملے گی،کیس میں تمام قانونی مراحل کومکمل کیا گیا، تحریک انصاف نے ہرقسم کے تاخیری حربے استعمال کیے، غلامی نامنظور کہنے والے امریکہ سے مدد مانگتے رہے،پاکستان کے معاشی مسائل، دہشتگردی پر ضرور مذاکرات ہونے چاہئیں، مسائل کے حل کیلئے بالکل بات چیت ہونی چاہیے۔