سال 2024 میں پولیس فورس کی فلاح و بہبود 2 ارب روپے سے زائد خرچ کئے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) سال 2024ءمیں پنجاب پولیس کے ملازمین اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر کے شاندار اقدامات کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سال 2024ءمیں پولیس فورس کی ویلفیئر پر 2 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ پنجاب پولیس نے روزانہ کی بنیادوں پر ایک کروڑ روپے افسران و اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کی ویلفیئر پر خرچ کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف کی مد میں 78 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ویلفیئر فنڈ، ویلفیئر پراجیکٹس سے حاصل آمدن سے ملازمین کی مالی مشکلات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فورس کے بہترین علاج معالجے کیلئے مختلف ہسپتالوں، بچوں کی اعلی تعلیم کے لئے معروف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس سے معاہدے عمل میں لائے گئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ 2024ءکو پولیس ملازمین کی ویلفیئر کے سال کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف شکنجہ تیار کر کے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔آئی جی پنجاب نے نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ رواں سال پنجاب پولیس کا فائرنگ اور ون ویلنگ کے خلاف سخت کریک ڈاون جاری رہا اور کریک ڈاون کے دوران سینکڑوں قانون شکن گرفتار کئے گئے۔