ن لیگ کے پاس یکطرفہ فیصلے کرنے کی اکثریت نہیں، بلاول بھٹو


سکھر :(بیورورپورٹ)چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پانی ہر کسی کا بنیادی حق ، عوام سیاسی قائدین کی طرف دیکھ رہے ہیں،قوم چاہتی ہے سیاستدان انا کی سیاست چھوڑ کر ملکر کام کریں،کالاباغ ڈیم بھی یکطرفہ فیصلہ تھا، عملدرآمد نہیں ہونے دیا، ن لیگ کے پاس اتنی اکثریت نہیں یکطرفہ فیصلے کرسکے، کامیابی سے حکومت کرنی ہے تو اتفاق رائے سے فیصلے کرنا ہوں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہالاڑکانہ میں تاریخی جلسہ کیا،عوامی مسائل حل کرنا ترجیح ہے، عوام معاشی صورتحال کی وجہ سے پریشان ہیں، پانی ہر کسی کا بنیادی حق ہے، عوام چاہتے ہیں نمائندے مسائل حل کریں، عوامی مسائل کے حل کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

چیئرمین پی پی نے کہا امید ہے مذاکرات کے ذریعے صوبوں کے خدشات کو دور کیا جائے گا، نہریں نکالنے کا فیصلہ بھی کالا باغ ڈیم کی طرح یکطرفہ ہے جو ناکام ہوگا، وفاق کو صوبوں کےساتھ ملکر چلنا چاہئے،معاہدے کے تحت ن لیگی وزیراعظم کو ووٹ دیا، امید ہے شکایات کو سنجیدہ لیا جائےگا، پیپلزپارٹی ایک صوبے نہیں وفاق کی جماعت ہے، وفاق کو کمزور کرنے والے فیصلوں پر سخت ردعمل دیں گے، سیکھ گیا ہوں حکومت سے کام کیسے نکلوانا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکالا باغ ڈیم کےخلاف احتجاج سندھ نہیں خیبرپختونخوا سے شروع ہوا، طے کیا تھا چاروں صوبوں کا ترقیاتی بجٹ مل کر بنائیں گے، محسوس ہو رہا ہے چھوٹے صوبوں کےساتھ وفاق کا رویہ اچھا نہیں رہتا،پاکستان میں کسی بھی حکومت سے کام نکالنا ہو تو بڑا مشکل ہوتا ہے، یکطرفہ کسی بھی فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوسکتا، آئی ٹی سیکٹر کو وہی سہولت دینی ہوگی جو چین ، بھارت دے رہے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہاسیاست موٹر وے سے شروع ہوکر میٹرو پر ختم ہوتی ہے، سمندر میں ایسی کون سی مچھلیاں ہیں جو صرف پاکستان کا کیبل کھاتی ہیں، حکومت کہتی ہے انٹرنیٹ سلو نہیں کیا ،کبھی کہتے ہیں تار کٹ گئی ، تیز ترین معاشی ترقی کیلئے تیز ترین انٹرنیٹ ضروری ہے،آپ نے فائروال بھی ڈال دی اور وی پی این پر پابندی لگا دی، ویب سائٹ بند کر دی ایسی انٹرنیٹ سپیڈ میں سرمایہ کاری کو کیسے راغب کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا مغربی ممالک سے پاکستان کے اندرونی معاملات پر بیانات آ رہے ہیں، مغربی ممالک کو اچانک پاکستان کا ایٹمی پروگرام نظر آگیا، پاکستان کے مفادات سیاسی مفادات سے بالاترہیں،دنیا پہلے خود سے سوال کرے پاکستان کو ایٹم بم بنانے کی ضرورت کیوں پڑی؟ ایٹمی پروگرام کی قیمت ادا کرنےوالی گڑھی خدابخش میں دفن ہے، میں نے بھی سنا ہے معیشت میں بہتری آرہی ہے اگرمعاشی بہتری آرہی ہے تواثر عوام تک پہنچنا چاہیے۔