کٹھ پتلیاں ایٹمی اثاثوں پرسودے بازی کیلئے تیار رہتی ہیں،بلاول بھٹو

گڑھی خدا بخش: (بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے پی پی سلیکٹڈ نہ فارم 47والی ہے، سیاسی کٹھ پتلیاں ایٹمی اثاثوں پرسودے بازی کیلئے تیار رہتی ہیں،امریکہ سے بیانات آرہے،عمران بہانہ ،میزائل پروگرام نشانہ ہے،پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے کسی قسم کی سودے بازی نہیں کرنے دیں گے،بےنظیر بھٹو شہید عوام کی حقیقی نمائندہ تھیں ، عوام کی خاطر آخری دم تک لڑتی رہیں ، پاکستان دوراہے پر کھڑا ہے،تمام مسائل کا سیاسی جماعتوں کو ملکر مقابلہ کرنا ہوگا۔

بینظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہابےنظیر کی سیاسی جدوجہد تاریخ کا حصہ ہے، وہ کبھی کسی آمر ،دہشتگرد کے سامنے نہیں جھکیں، سیاسی جدوجہد آپ کے سامنے ہے،پیپلزپارٹی سلیکٹڈ نہ فارم 47والی ہے،حکومت سازی کے وقت کسی کرسی یا وزارت کا شوق نہیں تھا، ن لیگ سے طے ہوا پی ایس ڈی پی مل کر بنائیں گے، حکومت سے طے پانے والے سمجھوتے پر عمل کرانے میں ناکام رہے ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں، حکومت کی ذمہ داری ہے ہرمسئلے پر پارلیمان کواعتماد میں لے اگراتفاق رائے سے چلیں گے تو عوامی مسائل کا حل نکال لیں گے، حکومت کے پاس یکطرفہ فیصلے کرنے کا مینڈیٹ موجود نہیں ،صدرسے اپیل کرتا ہوں حکومت کو اتفاق رائے سے فیصلے کرنے کی تجاویزدیں، اتفاق رائے سے کیے جانے والے فیصلے ہی مضبوط ہوتے ہیں،حکومت کی کینال پالیسی پرسخت اعتراض ہے،معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔

بلاول بھٹو نے کہابین الاقوامی سازش پاکستان کےخلاف پک رہی ہے، سازش کا مقابلہ کرنے کےلئے ایک ہونا پڑے گا، غیر ملکی عناصر چاہتے ہیں ایٹم بم کسی اسلامی ملک کے پاس نہ ہو،ایٹمی اثاثوں اور میزائل پروگرام پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کرنے دیں گے۔