لاہور (ہیلتھ رپورٹر) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں سالانہ بین الا قوامی جدید طبی، تعلیمی، تحقیقی اور تربیتی کانفرنس 2024 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی تین روزہ سالانہ بین الاقوامی طبی، تعلیمی، تحقیقی اور تربیتی کانفرنس 2024 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد فاطمہ جناح میڈیکل کالج المنائی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ اور ایسوسی ایشن آف فاطمہ جناح اولڈ گریجویٹس برطانیہ کے اشتراک سے کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروفیسر بلقیس شبیر نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر خصوصی لیکچر دیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس انسانی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس صحت کے شعبہ میں شاندار کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے طالبات کیلئے انتہائی اہم موضوع آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر سائینٹفک کانفرنس کا انعقاد انتہائی بہترین اقدام ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال طلباءکو سیکھنے اور ڈاکٹرز کو پروفیشن میں بہت کارآمد ثابت ہوگا۔ وزیر صحت پنجاب نے سائینٹفک کانفرنس 2024 کے انعقاد پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل اور ان کی ٹیم کو مبارکباددی۔دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں منعقدہ کرسمس کی مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ثاقب باجوہ، فادر جیمز چنن، علامہ زبیر عابد اور مسیحی ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی ایم ایچ، فارد جیمز چنن اور علامہ زبیر عابد نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کرسمس کی تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کی انتہائی خوبصورت تقریب سجانے پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی ایم ایچ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام ہمارے ایک انتہائی برگزیدہ نبی ہیں۔ پوری دنیا میں مسیحی برادری کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پاکستان بنانے میں مسیحی برادری نے بہت قربانیاں پیش کی تھیں۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو زندگیاں اپنے عقائد کے مطابق گزارنے کا پورا حق حاصل ہے۔ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں مسیحی ملازمین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس انسانی زندگی پر بہت گہرے مرتب کر رہی ہے:خواجہ سلمان رفیق
















