نوسر بازوں کی جماعت تحریک انتشار گولی چلانے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے،عطاءتارڑ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے نوسر بازوں کی جماعت تحریک انتشار گولی چلانے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہامظاہرین پر امن نہیں مسلح ہو کر آئے، پہلے اداروں کو نشانہ بناتے ہیں پھر پروپیگنڈا کرتے ہیں،جھوٹا بیانیہ چلایا جا رہا ہے گولی کیوں چلائی، گولی تو کوئی نظر نہیں آئی، تحریک انتشار ویڈیو لے آئے جس میں ایک بھی سیدھی فائر کی گئی ہو، بری طرح ناکام ہوکر اب نعشوں کے پیچھے چھپنا چاہتے ہیں، قوم کےساتھ مذاق کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
وزیراطلاعات نے کہا معیشت تیز ی آگے بڑھ رہی ہے،مہنگائی کا 4.8 فیصد پر آنا وزیراعظم کی محنت ہے، سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ پوائنٹس کراس کر گئی ،پی ٹی آئی والے آپس کی لڑائی میں بدست و گریبان ہیں، شرمندگی چھپانے کےلئے لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں، قوم کی بدقسمتی ہے ایسے لوگ سیاسی جماعتیں بنا لیتے ہیں جنہیں کوئی عقل اور فہم نہیں،لاشیں ٹک ٹاک، فیس بک، ایکس، واٹس اپ پر ملیں گی۔
















