لاہور :(نعیم جاوید
) شہروں میں داخلی و خارجی راستے بند ہونے سے ٹماٹر کی قیمت 300 روپے کلو تک پہنچ گئی،راستے بند ہونے کی وجہ سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ راستوں کی بندش کی وجہ سے سبزیاں اور پھل منڈی نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے منافع خوروں نے سبزیاں اور پھل مزید مہنگے کر دیئے۔
120روپے کلو فروخت ہونے والے ٹماٹر 700 روپے فی کلو میں بک رہے ہیں، ہری مرچ کے نرخ 400 روپے کلو ہوچکے ہیں، گوبھی 300 روپے کلو، آلو 220 روپے کلو اور پیاز 250 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں، اسی طرح دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی 100روپے سے 150روپے فی کلو تک اضافہ کردیا گیا ہے، شہری مجبوراً مہنگے داموں سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں افراتفری کا عالم ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان ہیں، راستوں کی بندش سے صنعتیں بند ہیں، کاروباری پہیہ رک چکا ہے جس سے تاجر برادری بھی پریشان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سامان کی ترسیل والے کنٹینرز سڑکوں پر پڑے ہیں، کئی میڈیکل سٹورز پر ادویات پہنچنا ناممکن ہوچکا ہے، مریضوں کی ہسپتالوں تک رسائی بھی ناممکن ہو چکی ہے، ایمبولینسوں میں لوگ مر رہے ہیں لیکن ان کو بھی راستہ نہیں دیا جا رہا ہے، اس افراتفری کی وجہ سے ملک بھر میں اشیائے خورد و نوش کی قلت پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے، ملک میں افراتفری کا سیاسی حل نکالا جائے۔
راستوں کی بندش، سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام پریشان

















