پی ٹی آئی رابطے میں رہے تو کردار ادا کرسکتا ہوں،فضل الرحمن

لاڑکانہ:(بیورورپورٹ) جے یوآئی کے سربراہ فضل الرحمن نے کہاہے مسئلے کی اصل بنیاد ووٹ چوری ہے،انتخابات آئین کے مطابق ہونے چاہئیں،پی ٹی آئی رابطے میں رہے تو کردار ادا کرسکتا ہوں،اسلام آباد میں پرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہوں، سوال اٹھتا ہے اتنے انتظامات کے باوجود مظاہرین ڈی چوک کیسے پہنچے؟۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کچھی کینال منصوبے پر کہاہم سب ایک قوم اور ملک ہیں، معاملات اتفاق رائے سے ہونا ضروری ہے، جے یو آئی روز اول سے صوبائی خودمختاری کی قائل ہے،کسی بھی صوبے کو احتجاج پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے،پی ٹی آئی اگر رابطے میں رہے تو کردار ادا کرسکتا ہوں مگر وہ رابطے میں مستقل نہیں رہتے،قیادت کی بات نہیں کررہا مگر کارکن اپنے نظریات و قیادت سے مخلص ہوتا ہے، کارکن کے جذبات کو اعتدال کے راستے پر لاناو صحیح سمت پر چلانا ہی اچھے لیڈر کی نشانی ہوتی ہے۔

امیر جے یوآئی نے کہاخیبرپختونخوا ،بلوچستان بدامنی کا شکار اور دونوں صوبوں کی حکومتیں غیر سنجیدہ ہیں،حکومت جیل میں رکھنے اور باہر نکالنے کی ضد میں رہے تو ملک میں انارکی ہوگی،پی ڈی ایم دور میں دینی مدارس کے ڈرافٹ پر زرداری، بلاول ،نواز نے طویل مشاورت کے بعد اتفاق کیا مگر اب اعتراض کیا جارہا ہے ،جلد بہت کھل کر بات کروں گا۔

فضل الرحمن نے کہاموجودہ حالات 8 فروری کے الیکشن کی وجہ سے ہیں، انتخابات آئین کے مطابق ہونے چاہئیں،بات چیت ہو تو راستہ نکل آتا ہے،پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت ہونی چاہئے، سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا گیا توملکی حالات کنٹرول سے باہر ہوں گے۔