عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر کام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے:سلمان رفیق/ عمران نذیر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے ماسٹر پلان میں ضروری تبدیلیوں، سٹیٹ آف دی آرٹ طبی آلات اور مشینری کی خریداری و دیگر معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ہیلتھ ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقدہوا۔ سی ای او آئی ڈیپ نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔اجلاس میں کینسر کے علاج کیلئے جدید مشینری کی خریداری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ہسپتال کے قیام اور تکمیل کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ہسپتال میں پنجاب کے سب سے بڑے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے قیام کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اجلاس میں کینسر کیئر ہسپتال میں بیڈز کی تعداد بڑھانے پر بھی فیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں نہایت اہل اور قابل کینسر ماہرین کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا گیا۔اجلاس میں کینسر کے لیول فور مریضوں کیلئے الگ سے ہائی سپائس سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔ہسپتال کو ایشیا کا جدید ہسپتال بنانے پر تمام ممبران پر عزم ہیں جس میں ایک ہی چھت تلے کینسر کے امراض کا علاج ممکن ہو سکے گا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آئی ڈیپ کو نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پراجیکٹ کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کی تکمیل کیلئے 12 ماہ کا ہدف دیدیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر کام حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کینسر ہسپتال کی توسیع مرحلہ وار کرکے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے جدید ایکوپمنٹس نصب کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ پہلے سرکاری کینسر ہسپتال میں ریڈی ایشین تھراپی، کیمو تھراپی، اینڈوسکوپی و دیگر سہولیات میسر ہونگی- نواز شریف کینسر ہسپتال پنجاب ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے۔ کینسر کے ہر مریض کو کینسر کے علاج کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ پبلک سیکٹر میں یہ کینسر ہسپتال اپنی نوعیت کا پہلا اور جدید ہسپتال ہوگا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اس ہسپتال کی جلد تکمیل چاہتی ہیں۔