اسلام آباد:(بیورورپورٹ)کوئی مذاکرات ہوں گے نہ پی ٹی آئی کو رعایت ملے گی،حکومت نے دوٹوک اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاپی ٹی آئی کے 4 مطالبات خیالی غبارے ہیں، حکومت کسی طرح کے کوئی مذاکرات کر رہی ہے نہ پی ٹی آئی کو کوئی رعایت دی جاسکتی ہے،پی ٹی آئی 24 نومبر کو احتجاج کا اعلان کرکے بند گلی میں آ چکی ،نکلنے کےلئے کسی بہانے کی تلاش میں ہے، خود پی ٹی آئی کے سینئر رہنما رسوائی سے بچنے کےلئے ہاتھ پاﺅں مار رہے ہیں،عمران خان نے اپنی حکومت کے دوران غداری، ایفی ڈرین، ہیروئن اور کرایہ داری جیسے جھوٹے اور مضحکہ خیز مقدمات بنا کر اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا جبکہ ہم نے ایسا ہرگز نہیں کیا۔
لیگی سینیٹر نے کہاعمران خان ، تمام ساتھیوں پر ٹھوس مقدمات ہیں،عمران خان اپنے سنگین جرائم کی وجہ سے جیل اور مقدمات بھگت رہے ہیں، کیا توشہ خانہ کی گھڑیاں ،زیورات نوازشریف نے دبئی کے بازاروں میں بیچنے کےلئے کہا تھا؟ کیا 190 ملین پاﺅنڈ کے عوض زمین ہتھیانے اور نام نہاد القادر ٹرسٹ بنانے کےلئے نوازشریف نے کہا تھا؟ کیا فوجی تنصیبات پر حملے نوازشریف نے کرائے تھے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا اگر کوئی معقول مطالبات ہیں تو آئیں بات کریں لیکن 26 ویں ترمیم،مقدمات ختم ، مینڈیٹ واپسی ،تمام قیدیوں کو رہا کردینے جیسے بے تکے مطالبات پر بات نہیں ہوسکتی،پی ٹی آئی 24 نومبر کی کال واپس لے لے تو اچھا ہے ورنہ حکومت آئین وقانون کے تحت عوامی جان ومال کے تحفظ کےلئے اپنا فرض ادا کرے گی۔
کوئی مذاکرات ہوں گے نہ پی ٹی آئی کو رعایت ملے گی:حکومت کادوٹوک پیغام
















