احتجاج کامیاب رہیگا:گنڈا پور،نتیجہ بھی پہلے جیسا ہوگا: طلال

پشاور، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی عہدیداروں اور صوبے سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کے اجلاس میں 24 نومبر کے احتجاج کو ہر صورت کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے پہلے کی طرح یہ احتجاج بھی کامیاب رہے گا،پی ٹی آئی کے مطابق پشاور میں وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ اور تنظیمی عہدیداران کا مشاورتی اجلاس ہوا،وزیر اعلیٰ نے ہزارہ، ملاکنڈ، پشاور اور ساو¿تھ ریجنز کے پارلیمنٹیرینزاوردیگر پارٹی قائدین کے الگ الگ اجلاس منعقد کیے جہاں 24 نومبرکے احتجاج کےلئے انتظامات اور لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت کی گئی،اجلاس میں24 نومبر کے احتجاج کو ہر صورت کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا،گنڈاپور نے کہا24 نومبر کے احتجاج کی کال بانی چیئرمین عمران خان نے خود دی ہے، یہ فائنل اور فیصلہ کن کال ہے، تمام مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا، احتجاج کو کامیاب بنانے کےلئے پورا زور لگائیں گے اورچاہے کچھ بھی ہو پیچھے نہیں ہٹیں گے، پارلیمنٹیرینز اور دیگر پارٹی قائدین اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی تنظیموں، ورکرز اور عوام کو پوری طرح متحرک کریں،دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرنے کےلئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا،وزیراعلی نے خط میں کہا سی سی آئی کا آخری اجلاس جنوری میں ہوا تھا، آئین کے آرٹیکل 154 کے تحت 90 دنوں میں مشترکہ مفادات کونسل اجلاس کا ہونا ضروری ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم کو خط میں کہا بدقسمتی سے آئین کی شق پر عمل نہیں ہورہا، اس سے صوبوں کے اہم معاشی مفادات پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں،وزیراعلیٰ نے زور دیا سی سی آئی اجلاس سے صوبوں اور وفاق کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگی، سی سی آئی کا اجلاس بلاکر درپیش معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے، صوبوں کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کےلئے سی سی آئی کے اجلاس کا بروقت بلانا ضروری ہے۔دوسری طرف ن لیگی رہنما سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے پی ٹی آئی کے احتجاج کا نتیجہ بھی پہلے جیسا ہوگا،اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا پی ٹی آئی احتجاج کی وجہ غریب آدمی کوریلیف دلانا نہیں، ریاست پر چڑھائی کرنی ہے، ریاست پر چڑھائی کرکے معافی نہیں ملے گی، معافی اپنے گناہوں کی سزا کے بعد ہی ملے گی،پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے بعد ایک نئی تاریخ کا اعلان کر دیا جاتا ہے، ایک بار پھر آخری کال دی گئی ہے، ان کےاحتجاج کا وہی رزلٹ ہوگا جو پہلے آیا، پاکستان میں معاشی استحکام آ رہا ہے، خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ کہتا ہر بار اپنی نوکری پکی کرتا ہے، علی امین گنڈا پور کہتا کچھ اور کرتا کچھ اور ہے،طلال چودھری نے کہا کسی کومعاشی استحکام کونقصان نہیں پہنچانے دیا جائے گا، بہن اور بھابھی کے درمیان پارٹی پرقبضہ کی لڑائی ہے، کبھی ہیرے کی انگوٹھیاں، کبھی توشہ خانہ کھا جانا کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، پی ٹی آئی اندرونی طور پر شدید انتشار کا شکار ہوچکی، پی ٹی آئی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔