لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے انگریزی اخبار میں شائع ہونے والے آرٹیکل میں حکومت پنجاب کی یو اے ای کے فنڈز میں سرمایہ کاری کی خبر کو سراسر غلط قرار دےدیا،عظمیٰ بخاری نے کہا حکومت پنجاب نے کسی بھی یو اے ای کے فنڈ میں سرمایہ کاری نہیں کی، موضوع پر حکومت پنجاب کے عہدیداروں کےساتھ آئی ایم ایف کے اجلاس میں کبھی بات بھی نہیں ہوئی، آرٹیکل میں آئی ایم ایف کے بارے میں غلط تاثر دیا گیا ہے کہ وہ پنجاب کے پہلے سہ ماہی کے خسارے پر پریشانی کا شکار ہے جبکہ آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے پنجاب حکومت کا پہلی سہ ماہی کے اختتام پر تقریباً 40 ارب روپے کا سرپلس تھا جس کے بعد وفاقی وزارت خزانہ نے اپنے اعداد و شمار درست کیے،عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب حکومت کے سرپلس کو ظاہر کرنے والے نظر ثانی شدہ مالیاتی آپریشنز بھی اپ لوڈ کیے، آرٹیکل میں یہ بھی غلط رپورٹ کیا گیا پنجاب اپنے 150 ارب روپے کے سرپلس ہدف سے پہلے سہ ماہی کے اختتام پر پیچھے ہے جبکہ حقیقت یہ ہے قومی مالیاتی معاہدے میں پنجاب کےلئے سہ ماہی سرپلس کے اہداف نہیں ہیں،وزیر اطلاعات نے کہا آئی ایم ایف نے تسلیم کیا پنجاب اپنے متعین سرپلس کو مالی سال کے آخر تک حاصل کرنے کےلئے صحیح راستے پر گامزن ہے، پنجاب حکومت انگریزی اخبار کی غلط رپورٹنگ پر افسوس کا اظہار کرتی ہے، رپورٹنگ صحافتی معیار اور صحافتی اصولوں کے خلاف ہے۔
پنجاب حکومت نے کسی بھی یو اے ای فنڈ میں سرمایہ کاری نہیں کی: عظمیٰ بخاری
















