لاہور:(ہیلتھ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سموگ سے متاثرہ بیماریوں کے علاج کےلئے ادویات کے سٹاک کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ڈرگ کنٹرول ونگ اور پاکستان فارما مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا سموگ میڈیسن الرٹ گروپ قائم کردیا،سموگ میڈیسن الرٹ گروپ ادویات کی قلت اور ناجائز ذخیرہ اندوزی پر کڑی نظر رکھے گا، پنجاب ڈرگ مانیٹرنگ سسٹم مکمل طور پر فعال ہوگیا ہے جو ادویات کی دستیابی اور سپلائی چین کی مکمل نقل و حمل مانیٹر کررہا ہے۔
اجلاس میں ڈی جی ڈرگ کنٹرول سہیل کی جانب سے سموگ سے متعلقہ ادویات کی دستیابی، سپلائی چین کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی،پاکستان فارما مینو فیکچررز ایسوسی ایشن اور فارما بیورو کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا سموگ سے متاثرہ بیماریوں کے علاج کے لئے ادویات انہیلرز، آئی ڈراپس، نیزل ڈارپس، اینٹی بائیوٹک، کف سیرپ، ماسک اور درد بخار کم کرنے والی ادویات کے سٹاک کا جائزہ لیا گیا،پی پی ایم اے سے ادویات کا سٹاک مانگ لیا گیا اور ان سے ضروری ادویات کی لسٹ فراہم کردی گئی ہے،سموگ سے متاثرہ شہریوں کو ادویات کی رسائی اور دستیابی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، او پی ڈی میں آنے والے سموگ سے متاثرہ شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے،شہری اگلے 2ماہ میں سموگ سے بچاو¿ کےلئے ماسک کا استعمال ضرور کریں، غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ہیلتھ ایمرجنسی کا سوچا جا سکتا ہے، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ڈپٹی کمشنر لاہور موسیٰ رضا کے ہمراہ لبرٹی مارکیٹ میں شہریوں میں ماسک تقسیم کیے۔
شہریوں نے غفلت کا مظاہرہ کیا تو ہیلتھ ایمر جنسی کا سوچیں گے: عمران نذیر
















