طبی درسگاہوں میں معیاری ریسرچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے،سلمان رفیق

لاہور:(ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا لانچنگ سے اب تک چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 530 سے زائد معصوم بچوں کی سرجریز کامیاب ہو چکی ہیں،چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے،چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی ڈیش بورڈ کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔

اجلاس میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کیلئے 6 سرکاری چلڈرن ہسپتالوں کیلئے طبی آلات کی منظوری بھی دی گئی جبکہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا سینڈیکیٹ اجلاس ہوا،متعلقہ افسران نے سینڈیکیٹ اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا،سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران ہولی فیملی ہسپتال کو ایم آر آئی مشین کے مینٹیننس کنٹریکٹ کرنے کی اجازت دی گئی،سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران ایچ ای سی کے فنڈڈ ترقیاتی سکیموں ، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے نرسنگ کالج کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا تمام سرکاری ہسپتالوں کو سولر پینل پر منتقل کرنا چاہتے ہیں، پنجاب کی طبی درسگاہوں میں معیاری ریسرچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، طبی درسگاہوں کے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، حکومت پنجاب سرکاری طبی درسگاہوں میں طلباءکو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔