سموگ وبال جان، پنجاب کے 18 اضلاع میں 12ویںتک تعلیمی ادارے بند

لاہور: (اپنے رپورٹر سے،ایجوکیشن رپورٹر)سموگ وبال جان، پنجاب کے 18 اضلاع میں 12ویںتک تعلیمی ادارے بند،ماسک پہننا لازم قراردےدیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیرصحت عمران نذیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بھارت سے آنے والی آلودہ ہواوں سے سموگ کی شرح بڑھ رہی ہے، ہوا کارخ بدلنے سے مختلف اضلاع میں فضائی آلودگی پھیل رہی ہے، فصل کی باقیات جلانے سے دھوئیں میں اضافہ ہو رہا ہے،سموگ کے پیش نظر سیکنڈری اور ہایئر سیکنڈری سکولوں کو بھی بند کردیا،لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژنز میں سکولز آن لائن کام کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا زراعت ،صنعتوں میں سموگ کے تدارک کیلئے خصوصی سکواڈ تعینات ،گرین ایپ پر اے کیو آئی دیکھا جا سکتا ہے،ماسک نہ پہننے سے خطرناک میتھین گیس جسم میں داخل ہو رہی ہے،صبح کے وقت لاہور کا اے کیو آئی 1100 سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہاشہری غیرضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں ،ماسک لازمی پہنیں، سموگ سے لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، قصور اور شیخوپورہ کے اضلاع زیادہ متاثر ہیں۔

ادھر محکمہ تعلیم پنجاب نے سموگ کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور،گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژنز کے 18 اضلاع کے سرکاری و نجی سکینڈری اور ہائر سکینڈری تعلیمی ادارے 7 سے17 نومبر تک بند رہیں گے، چاروں ڈویژنز میں آن لائن کلاسز لی جائیں گی،ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز بھی بند رہیں گی۔

دوسری جانب لاہور میں ریسٹورنٹس میں اوپن باربی کیو بھی سموگ کی بڑی وجہ بننے لگے، محکمہ تحفظ ماحولیات نے ایس او پیز مزید سخت کردیئے،اوپن باربی کیو کےلئے مناسب چمنیوں اور ایگزاسٹ کا استعمال لازم ہو گا،باربی کیو پر لگائے گئے ہوڈز میں فلٹرز لگے ہونے چاہئیں، باربی کیو کی جگہ پر دھویں کو کم کرنے کےلئے ویٹ شاورنگ سسٹم لگانا بھی لازم ہو گا۔