لاہور بدستور آلودہ ترین شہر،زندگی اجیرن ،سموگ کے نئے سپیل کا خطرہ

لاہور:(اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر)لاہور بدستور آلودہ ترین شہر،زندگی اجیرن،سموگ کے نئے سپیل کا خطرہ،محکمہ ماحولیات نے لاہور کو درپیش نئے مسئلے پر نیا ریڈ الرٹ جاری کردیا۔

لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال گزشتہ روز بھی انتہائی خراب رہی ،امریکی ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا آلودگی سکور 609 ریکارڈ کیا گیا،ترجمان محکمہ ماحویات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بھارتی ہواوں کا رخ پاکستان کی طرف ہونے سے شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس پھر شدید متاثر ہوگا،شہریوں غیرضروری گھروں سے نہ نکلیں،ماسک پہنیں۔

دریں اثنا سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا پوری قوت سے سموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے،شہری آئندہ 3 دن بہت زیادہ احتیاط کریں، سموگ کی شدت میں اضافہ تشویشناک ہے، بزرگ، مریض اور بچے خصوصی احتیاط کریں، ماسک لازمی پہنیں، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں، موسمیاتی ماہرین کی مشاورت سے مصنوعی بارش کا آپشن استعمال کریں گے، مونجی یا فصل کی باقیات جلانا جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہو گا۔