بالی وڈ کلاسک فلم ”ویر زارا“کی 20ویں سالگرہ پر دوبارہ نمائش ، حذف شدہ گانا بھی شامل

ممبئی(مشرق نیوز) بالی وڈ کی معروف فلم ویر زارا جس میں شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، اپنی ریلیز کے20سال مکمل ہونے پر دوبارہ سینما اسکرین پر آنے کےلئے تیار ہے۔ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی یہ فلم 7نومبر کو شمالی امریکہ، مشرق وسطی، برطانیہ، یورپ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ملائیشیا، سنگاپور اور جنوبی افریقہ میں دوبارہ نمائش کےلئے پیش کی جائے گی۔فلم کے ایک قریبی ذریعہ کے مطابق، اس بار شائقین کو "ویر زارا" میں وہ حذف شدہ گانا "یہ ہم آ گئے ہیں کہاں" بھی دیکھنے کو ملے گا،جو پہلے فلم کے طویل ہونے کی وجہ سے کاٹ دیا گیا تھا۔ یہ گانا صرف ڈی وی ڈی ورژن میں شامل کیا گیا تھا لیکن اب پہلی بار اسے بڑی اسکرین پر دیکھنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ماہ نومبر 2024شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ 2نومبر کو وہ اپنی 59ویں سالگرہ منائیں گے جس کے بعد "ویر زارا" کی دوبارہ ریلیز ہوگی اس کےساتھ ساتھ 22نومبر کو ان کی ایک اور کامیاب فلم کرن ارجن بھی دوبارہ ریلیز کی جائے گی۔