لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید ) تاجر برادری نے بجلی اور گیس سستی کرنے کا مطالبہ کر دیا، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی منسوخی سے ابھی تک بجلی کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں کی گئی۔ روز نامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تاجر رہنما وقار احمد میاں، میاںسیلم ، عمر قریشی، ملک امانت، ملک کلیم،لالہ سیف تمیمی، آغا ذوالفقار، سید ممتاز بخاری، فہیم سہگل اور راجہ جاوید نے کہا کہ پاکستان میں بجلی و گیس کی قیمتیں خطے میںپہلے ہی سب سے زیادہ ہیں جبکہ مہنگی بجلی صنعتوں کی پیداواری لاگت میں اضافہ جو مزید مہنگائی کا باعث بنے گی بجلی کی قیمتوںمیں مسلسل اضافے کو روکنا ازحد ضروری ہے کیونکہ اس سے عوام کی زندگی اور صنعت و تجارت جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ وقار احمد میاں، میاں خلیل عبیر، عمر قریشی نے کہا کہ ہم دکانوں کا کراےہ دےں، ورکروں کی تنخواہےں دیں ےا بھاری بھر بجلی کے بل دےں، بجلی کی قیمتوں میں تمام اضافے واپس لئے جائیں کیوںکہ مہنگی بجلی کے باعث پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ درآمدی فہرست کم اور برآمدی فہرست میں اضافہ سے تجارتی خسارہ کم تو ضرور ہوا ہے مگر انرجی کی قیمتوں میں اضافہ سے برآمدات بڑھانے کا حکومتی ویڑن شدید متاثر ہو رہا ہے۔ مہنگی انرجی سے غریب طبقے پر سارا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ سیاسی کشمکش مہنگائی اور پے درپے بحرانوں نے ملکی معیشت کا گھوڑا مریل بنا دیا ہے اب اس میں امید کی روح پھونکنا ضروری ہو گیا ہے اسکے لئے تمام طبقات کا اعتماد بحال کرنا ہو گا تاکہ پاکستان مستحکم معیشت کی حامل ایک فلاحی ریاست بن سکے۔ معاشی استحکام کیلئے ازحد ضروری ہے کہ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو خطے کے دوسرے ممالک کے لیول سے کم رکھا جائے۔ پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث بیرونی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات مہنگی ہو جاتی ہیں جو برآمدات میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔
آئی پی پیز سے معاہدوں کی منسوخی ، تاجر برادری کا بجلی، گیس سستی کرنے کا مطالبہ
















