لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں سنگین جرائم کی سرکوبی کیلئے بھرپور کریک ڈاون جاری ہے جس کے نتیجے میں رواں سال پولیس ٹیموں نے ڈکیتی، مرڈر، ریپ اور اغوا سمیت سنگین جرائم میں ملوث ہزاروں ملزمان گرفتار کئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ڈبل یا زائد مرڈر کے 245 ملزمان گرفتار کئے گئے، ڈکیتی/ رابری معہ قتل کے 245 ملزمان ، گینگ ریپ کے 1198، زیادتی معہ قتل کے 6 ملزمان گرفتار کئے ،ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس ٹیموں نے اغوا برائے تاوان کے 112 ملزمان ، بچوں کے ساتھ بد فعلی میں ملوث 2069 جبکہ بچوں کو لاپتہ اور اغوا میں ملوث 1016 ملزمان کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم میں مزید کمی کیلئے کریک ڈاون جاری رکھنے حکم دیتے ہوئے کہا کہ آر پی اوز ، ڈی پی اوز سنگین و منظم جرائم کی سرکوبی کیلئے کریک ڈاون کی خود نگرانی کریں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ عادی و پیشہ ور مجرمان کو موثر انویسٹی گیشن، بروقت چالاننگ سے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں اور کارکردگی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔دوسری طرف پنجاب پولیس رحیم یارخان کی کچہ کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں ، رحیم یار خان پولیس کی آپریشنل کاروائیوں میں اب تک 63 خطرناک کریمنلز ہلاک جبکہ 45 زخمی ہوئے، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رحیم یار خان پولیس نے کچے کے علاقے میں اپنی پکی چوکیاں قائم کر لی ہیں، کچہ کے علاقے میں پولیس نفری مستقل طور پر تعینات ہے، پنجاب پولیس پوری طاقت اور بھرپور وسائل کے ساتھ کچے کے علاقے میں موجود ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کریمنلز کی سرکوبی کیلئے دور مار ہتھیاروں، بکتر بند اور بلٹ پروف گاڑیوں سمیت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، کریمنلز کے مکمل خاتمے تک کچہ میں پولیس کی انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کیلئے پولیس کے اینٹی ہنی ٹریپ سیل بھی 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں، سرحدی چیک پوسٹوں پر ملک بھر کے 531 افراد کو کچہ میں اغوا ہونے سے بچایاجا چکا ہے، پولیس ٹیمیں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔
پولیس افسران سنگین جرائم کی سرکوبی کیلئے کریک ڈاون کی خود نگرانی کریں:آئی جی پنجاب

















