لاہور (ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی اور ایڈوائزر برائے محکمہ صحت میجر جنرل ریٹائرڈ نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندگان نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا اورپی آئی ٹی بی نے اس حوالے بریفننگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ الحمدللہ لانچنگ سے اب تک چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 320 سے زائد معصوم بچوں کی سرجریز کامیاب ہو چکی ہیں۔چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائیگا۔ اس پروگرام کے تحت معصوم بچوں کی سرجریز کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ اس پروگرام سے قبل معصوم بچوں کے والدین کو سرجریز کیلئے ویٹنگ لسٹ کے مطابق مہینوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایاکہ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے چلڈرن ہسپتالوں کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی ڈیش بورڈ کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ حکومت پنجاب نے بچوں کی ہارٹ سرجری پروگرام کا پورا نظام انتہائی شفاف بنایا ہے۔ دریں اثناءخواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے شرکت کی۔اجلاس میں معروف عالم دین ڈاکٹر ذاکر نائیک کے دورہ پنجاب کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اجلاس کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایاکہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے دورے پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اوراس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ شیڈول کے مطابق مختلف مقامات پر عوامی اجتماع کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے-خطیب بادشاہی مسجد مولانا ابوالخیر آزاد، سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-
چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائیگا: خواجہ سلمان رفیق

















