اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بار بار التوا درخواستیں،الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں تاخیر کاذمہ دار پی ٹی آئی کو ٹھہرادیا۔
ای سی پی نے کہاانٹراپارٹی انتخابات پر مسلسل لچک کا مظاہرہ کر رہے ہیں ، تاخیر کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے،پی ٹی آئی نے حالیہ انٹراپارٹی الیکشن 3 مارچ 2024 کو کرایا،متعدد خامیاں تھیں،23 اپریل 2024 کو نوٹس بھیجا،کیس کی پہلی سماعت 30 اپریل 2024 کو ہوئی، اپریل 2024 سے لےکر اکتوبر 2024 تک کیس کی 6سماعتیں ہو چکیں لیکن 5بار جماعت نے مزید وقت مانگا ،ہر بار سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی،بشمول 2 اکتوبر 2024 کی سماعت میں بھی adjournment مانگی۔
الیکشن کمیشن معاملے میں مسلسل لچک کا مظاہرہ کر رہا ہے ،پی ٹی آئی کو کئی مواقع فراہم کیے اپنے آئینی تقاضے پورے کرے تاہم سست روی ،تاخیر کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ پارٹی پر عائد ہوتی ہے،الیکشن کمیشن معاملے کو قانونی طور پر حل کرنے کےلئے پوری کوشش کر رہا ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پرہمیشہ قانونی لچک کا مظاہرہ کیا ، جماعت کی جانب سے بارہا التوا کا استعمال کیاگیا جس کی وجہ سے معاملہ تا حال حل نہیں ہو سکا،الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 208 اور 209 کے تحت تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے اپنے پارٹی آئین کے مطابق 5سال کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کرائیں۔
بیان میں مزید کہا گیامتعدد مرتبہ یاد دہانی کرائی اور مزید دستاویزات طلب کیں مگر جماعت کی جانب سے تاخیر کا سلسلہ جاری رہا،کمیشن کی طرف سے معاملے پر باقاعدہ سماعتیں کی گئیں۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید مہلت دے دی،ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس پر سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے موقف اختیار کیا انٹرا پارٹی الیکشن ریکارڈ ایف آئی اے سے حاصل کرنے کیلئے عدالت سے رجوع کیا ، کورٹ نے ایف آئی اے سے ریکارڈ مانگ لیا ، ایف آئی اے کو کہا ہے ریکارڈ دیں ،کاپی کر کے واپس کر دیں گے،10 دن تک ایف آئی اے سے ریکارڈ مل جائے گا، دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید مہلت دی جائے،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دستاویزات جمع کرانے کیلئے مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں تاخیر کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے،الیکشن کمیشن
















