اقتدار کیلئے ملک تباہ کردیا گیا،قوم کو باہر نکلنا پڑے گا،عمران خان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے اقتدار کےلئے سپریم کورٹ، قانون کی بالادستی ،جمہوریت، ملک کو تباہ کیاجارہاہے،سب کی جائیدادیں اور پیسہ باہر ،قوم ایک ایک ڈالر کی بھیک مانگ رہی ہے،ملک میں اخلاقیات کا قتل ،ادارے تباہ کردئیے گئے،قوم کو اب پاکستان کےلئے باہر نکلنا پڑے گا، قوم ،نوجوانوں کو کہتا ہوں اپنے ملک اور مستقبل کےلئے نکلیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا 10 لاکھ لوگوں نے ملک چھوڑ دیا،ایس آئی ایف سی کو سرمایہ کاری کےلئے بنایا گیا مگر پیسہ ملک سے باہر جا رہا ہے،لیاقت باغ میں بھرپور احتجاج کریں گے،ن لیگ ،پیپلز پارٹی فیملی جماعتیں ہیں ،دونوں کے پارٹی الیکشن کو کوئی نہیں پوچھتا ،پی ٹی آئی کے3پارٹی انتخابات کالعدم کر دیئے گئے۔

دوسری جانب عمران،بشریٰ کیخلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس میںملزمہ کے وکیل عثمان گل نے آخری گواہ پر جرح شروع کر دی،احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی ،سماعت کے آغاز پر ملزمہ کے وکیل کی عدم حاضری پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا وکیل صفائی عدالت کیوں پیش نہیں ہوئے۔

معاون وکیل خالد یوسف نے موقف اپنایا وکیل صفائی عثمان گل اڈیالہ جیل آ رہے ہیں کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے،نیب وکیل نے کہا وکلا صفائی کو 25 مواقع مل چکے ،آخری گواہ پر جرح مکمل نہیں کر رہے ،عثمان گل کے علاوہ ریفرنس میں ملزمہ کی جانب سے مزید 3وکیلوں کے وکالت نامے موجود ہیں اگر عثمان گل پیش نہیں ہو سکتے تو باقی 3وکلا میں سے کسی کو طلب کرکے جرح مکمل کرائی جائے،جج ناصر جاوید رانا نے کہا عدالت کو ہوسٹیج نہیں بنایا جا سکتا، عدم تعاون پر جرمانہ ، سٹیٹ کونسل بھی مقرر کر سکتی ہے،مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔