کے پی حکومت کوبس جلسہ، دھرنا اور ناچ گانے کا پتہ ہے،فیصل کریم کنڈی

پشاور:(بیورورپورٹ)گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے سوات میں سفرا کے سکیورٹی قافلے پر حملے کو حکومتوں کی غلطی قراردیتے ہوئے غفلت کاذمہ دار صوبائی حکومت کو ٹھہرادیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہاکے پی حکومت کی دہشتگردی کےخلاف مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے،حکومت کوبس جلسہ، دھرنا اور ناچ گانے کا ہی پتہ ہے، صوبے امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے ، آپ کبھی گرڈ سٹیشنز پر حملے کرتے ہیں،کبھی کچھ، صوابی میں ہونے والا دھماکہ شارٹ سرکٹ سے ہوا یا کسی اور وجہ سے اگر شارٹ سرکٹ سے پیش آیا ہے تو تحقیقات ہونی چاہئیں۔

گورنر کے پی نے کہاپارا چنار میں آگ کی ہولی کھیلی جارہی ہے، کرم میں 60 افراد جاں بحق ہوگئے لیکن صوبائی حکومت خواب و خرگوش کے مزے لے رہی ہے،پی ٹی آئی کا سب سے بڑا کارنامہ بی آر ٹی کی کرپشن ہے، صحت ،تعلیم کاستیاناس کردیا،وزیراعلیٰ اپنے ضلع و تحصیل میں امن نہیں لاسکتے۔

دوسری جانب مشیر کے پی بیرسٹر سیف نے فیصل کریم کنڈی کو چغلی کرنےوالا نالائق بچہ قرار دیتے ہوئے کہاگورنر خیبرپختونخوا وزیراعظم کو خط ضرور لکھیں مگر اپنی ذمہ داریوں کا احساس بھی دلادیں، گورنر وفاقی حکومت کو بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات کی تلقین کریں اور وزیراعظم کو سمجھائیں کراس بارڈر دہشتگردی روکنا وفاق کی ذمہ داری ہے،خط میں پن بجلی کے بقایا جات کا ذکر نانہ بھولیں، گورنر بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کے مسائل بھی وزیر اعظم کے نوٹس میں لائیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا گورنر وزیراعظم کو لکھیں خیبر پختونخوا بھی پاکستان کا حصہ ہے،سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ رکھیں،کنڈی ہر روز اپنے لیڈرز کو خوش کرنے کیلئے چغلیاں کرتے پھر رہے ہیں۔