پنڈی جلسے کی بجائے احتجاج ہوگا،کسی سے مذاکرات نہیں ہوں گے،عمران

راولپنڈی(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے28ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کی بجائے احتجاج ہو گا، انتظامیہ اور عدالتوں نے جلسے کی اجازت نہیں دینی۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا علی امین گنڈا پور سمیت تمام لیڈر شپ کو ہدایات ہیں اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں،ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا روف حسن کو غلط فہمی ہوئی ،سب کو کہتا ہوں مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

عمران خان نے کہا 8 ستمبر کے جلسے کے بعد واضح کرچکا ہوں ہم کسی سے کوئی مذاکرات نہیں کرینگے، اسٹیبلشمنٹ کے لوگ رائٹ دکھا کے لیفٹ مارتے ہیں، وکلاجمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کرینگے، جسٹس منصور علی شاہ سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی ، آئین بھی یہی کہتا ہے سینئر ترین جسٹس کو چیف جسٹس تعینات کرے، ایک ماہ رہ گیا چیف جسٹس کے نام کا اعلان کیا جائے۔