ایک ڈالر کی پہلی قسط کااجرا،آئی ایم ایف نے سخت شرائط عائد کردیں

واشنگٹن(خواجہ فاروق)آئی ایم ایف نے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط جاری کرتے ہوئے کہاہے مہنگائی میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستان کو کمزور حکمرانی سمیت دیگر بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کےلئے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت7ارب ڈالر قرض کی منظوری دی ،نیاقرض پروگرام 37ماہ پر مشتمل ہے، پاکستان میں معاشی شرح نمو2.4فیصد تک جاپہنچی، افراط زر میں کمی کے باوجود پاکستان کو اب بھی بڑے چیلنجز مشکل کاروباری ماحول، کمزورحکمرانی اور محدود ٹیکس بیس کاسامنا ہے،پاکستان نے 2023-24میں سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت مسلسل پالیسی پر عمل درآمد کیا،پالیسی کے ذریعے اقتصادی استحکام کی بحالی کےلئے اہم اقدامات کیے،مہنگائی سنگل ڈیجٹ تک آگئی۔

آئی ایم ایف نے کہامناسب مالیاتی و مانیٹری پالیسیوں کے سبب کرنٹ اکاو¿نٹ خسارہ قابو میں رکھنے میں مدد ملی،عمل سے زرمبادلہ ذخائر کو دوبارہ بہتر بنانے کا موقع ملا، افراط زر میں کمی اندرونی و بیرونی حالات میں بہتری کی عکاس ہے،سٹیٹ بینک نے جون سے اب تک پالیسی ریٹ 450 بیسز پوائنٹس کم کیے، جون 2024 میں مضبوط بجٹ پیش کیا گیا، پیشرفت کے باوجود پاکستان کی کمزوریاں و مسائل بدستور سنگین ہیں۔

اعلامیے کے مطابق مشکل کاروباری ماحول، کمزور حکمرانی اورریاست کازیادہ عمل دخل سرمایہ کاری میں رکاوٹ بنتے ہیں، ٹیکس بیس تنگ ہونے کی وجہ سے مالیاتی پائیداری، سماجی و ترقیاتی اخراجات پورا کرنا مشکل ہے، غربت سے مستقل نجات کےلئے صحت و تعلیم پر خرچ ناکافی ہے، بنیادی ڈھانچے میں ناکافی سرمایہ کاری نے معاشی صلاحیت کو محدود کر دیا ،پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا شکار ہے اگر مناسب اصلاحاتی ایڈجسٹمنٹ پر زور نہ دیا گیا اور اصلاحات نہ ہوئیں تو پاکستان کے دیگرممالک کے مقابلے میں مزید پیچھے رہنے کا خطرہ ہے، آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام کا مقصد میکرو اکنامک استحکام کی بحالی ہے،عالمی مالیاتی فنڈ نے کہاسرکاری اداروں کی اصلاحات، عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری بھی پروگرام کامقصد ہے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے پرتوجہ مرکوز کرنا ہے،پروگرام کی کامیابی کےلئے ترقیاتی شراکت داروں کی مسلسل مالی معاونت بہت اہم ہوگی۔

دریں اثنا ترجمان آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے 11 فیصد شرح سود پر کمرشل فنانسنگ کے حصول سے لاعلمی کا اظہار کر دیا،آئی ایم ایف نے پاکستان کو ایسا کمرشل قرضہ لینے کا نہیں کہا،کوئی فنانسنگ پروگرام کی یقین دہانیوں کےلئے ضروری نہیں۔

علاوہ ازیں آئی ایم ایف کی کڑی شرائط سامنے آگئیں،ذرائع کے مطابق مستقبل میں پنجاب حکومت کی طرز پر بجلی قیمتوں پر ریلیف ختم،غذائی اجناس کی امدادی قیمتوں کا تعین نہیں کیا جائےگا،وفاقی حکومتی حجم و اخراجات میں کمی کی شرط بھی معاہدے کا حصہ ہے ،پاکستان کو این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے پر نظرثانی کی ہدایت بھی کردی گئی،آئی ایم ایف صوبائی حکومتوں کے اخراجات کو مانیٹر کرے گا ،وفاق ،صوبوں کے درمیان نیشنل فنانس پیکٹ پر بات چیت بھی جاری ہے۔

آئی ایم ایف نے ہدایت کی پاکستان توانائی کے شعبے کو جی ڈی پی کے ایک فیصد سے زائد سبسڈی نہیں دے گا ،قرض پروگرام کے دوران ضمنی گرانٹس بھی جاری نہیں کی جائیں گی،زرعی شعبے ،پراپرٹی ،ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لایاجائے ،حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کےلئے جامع پیکیج لائے ،توانائی شعبے میں پاور پرچیز معاہدوں پر نظرثانی کی جائے گی۔