شرح سود میں 2 فیصد کمی خوش آئند، سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے ،تاجر برادری کا حکومت سے مطالبہ

لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید ) کاروباری برادری نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے شرح سود میں 2 فیصد کمی کو معیشت کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے سنگل ڈیجٹ میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ روز ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ یہ کمی معیشت میں ایک مثبت اشارہ ہے اسے مزید کم کرنے کی ضرورت ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے درست قدم اٹھایا ہے ہمارا ہمیشہ سے مطالبہ رہا ہے کہ ایسے سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے۔ سینئر تاجر رہنما وقار احمد میاں، ناصر حمید خان، میاں سلیم اور ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی طرف سے شرح سود میں 2 فیصد کمی خوش آئند ہے اس سے مہنگائی میں کمی واقع ہو گی پاکستان کی معیشت بہتر ہو گی انہوں نے کہا کہ شرح سود میں مزید کمی ہونی چاہئے۔