لاہور (اپنے نمائندے سے) عید میلاد النبی کے پرامن انعقاد کا مشن لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان انتظامات کے جائزہ کیلئے جمعرات کی صبح ملتان پہنچی۔ چیئرمین و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں صوبائی وزیر بلال اکبر خان اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل بھی ہمراہ تھے۔ جنوبی پنجاب میں عید میلاد النبی کے مجموعی انتظامات دیکھنے کیلئے کمشنر آفس ملتان میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، صوبائی وزیر شیر علی گورچانی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ویڈیو لنک سے شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام مکاتب فکر کیساتھ مل کر عید میلاد النبی کے بہترین انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ ملتان میں عید میلاد النبی کے 217 جلوس اور 44 محافل میلاد ہوں گی۔ اسی طرح بہاولپور میں عید میلاد النبی کے 170 جلوس اور 190 محافل جبکہ ڈی جی خان میں 195 جلوس اور 170 محافل میلاد ہوں گی۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں خود جاکر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور بروقت معلومات کی ترسیل کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ تمام مرکزی جلوس اور محافل میلاد کیلئے سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو مستعدی سے ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کامران خان، کمشنر اور آر پی او ملتان کیپٹن (ر)سہیل چوہدری نے اجلاس کو تمام انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ جنوبی پنجاب کے ڈویژن بہاولپور اور ڈی جی خان کے کمشنرز اور آر پی اوز نے بھی اجلاس کو انتظامات بارے بریفنگ دی۔ بعد ازاں اراکین کابینہ کمیٹی نے فیصل آباد کا رخ کیا جہاں وسطی پنجاب کے ڈویژنز میں عید میلاد النبی کے تمام انتظامات کا جائزہ لیا جائیگا۔
پنجاب بھر میں عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا: سلمان رفیق

















