اسلام آباد: (بیورورپورٹ)قومی اسمبلی نے بھی الیکشن ایکٹ ترمیمی اور اسلام آباد میں پرامن اجتماع بلز کی منظوری دےدی۔
سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 منظوری کےلئے پیش کیا، سپیکر نے ووٹنگ کرائی ،کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا،ن لیگ کے بیرسٹر دانیال چودھری نے پرامن اجتماع اور امن عامہ ایکٹ بل پیش کیا،پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل نے شدید مخالفت کی تاہم بل کثرت رائے سے منظور ہوگیا، سنی اتحاد کونسل ،پی ٹی آئی اراکین نے نو نو کے نعرے لگائے،دونوں بل منظوری کےلئے صدر مملکت کو ارسال کیے جائیں گے ،دستخط کےساتھ ہی ایکٹ بن جائیں گے۔
بل کے مطابق اسلام آباد میں بغیر اجازت جلسہ کرنے یا جمع ہونے پر 3 سال قید ،جرمانے کی سزا ہو گی، عدالت سے 3 سال سزا پانے والے کو دوبارہ جرم دہرانے پر 10 سال قید کی سزا ہو گی،جلسے کی مختص جگہ موضع سنگجانی یا کوئی اور حکومت کا مختص کردہ علاقہ ہو گا، اجازت کے تحت ہونے والے جلسے کو بھی پولیس افسر کسی بھی وقت منتشر کرا سکے گا،جلسے کی اجازت ڈپٹی کمشنر دے گا، ڈپٹی کمشنر اجازت نہیں دیتا تو اپیل چیف کمشنر سے کی جا سکے گی، چیف کمشنر کے فیصلے پر سیکرٹری داخلہ کے پاس نظرثانی درخواست دی جا سکے گی،جلسوں کیلئے متعین علاقے کا باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
پرامن اجتماع ، الیکشن ایکٹ ترمیمی بلز قومی اسمبلی سے بھی منظور
















