سکول میل پروگرام جنوبی پنجاب کے 3 اضلاع سے شروع کیا جائے گا: رانا سکندر حیات

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سکول نیوٹریشن پروگرام کے آغاز کیلئے جنوبی پنجاب پہنچ گئے۔ رانا سکندر حیات نیوٹریشن پروگرام کے امور کی نگرانی اور آغاز کیلئے آج ڈی جی خان موجود رہیں گے جہاں وزیر اعلیٰ مریم نواز پروگرام کا افتتاح کریں گی۔ ڈی جی خان پہنچنے پر وزیر تعلیم سی ای او ایجوکیشن ڈی جی خان سے نیوٹریشن پروگرام پر بریفنگ بھی لی اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سکول میل پروگرام ڈی جی خان میں 5 ستمبر، مظفرگڑھ میں 6 ستمبر، راجن پور میں 7 ستمبر کو شروع کیا جائیگا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ میل پروگرام ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور کے 3527 سکولوں میں شروع ہوگا جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر روز 4 لاکھ بچوں کو دودھ پیک فراہم کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ضروری غذائی اجناس کو بھی سکول میل پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا جبکہ دودھ اور دیگر غذائی اجناس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔