جناح ہسپتال ری ویمپنگ منصوبہ کنٹریکٹرز کو 2 شفٹوں میں مکمل کرنا کا حکم

لاہور:(ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس ہوا،اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے شرکت کی۔

وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران جناح ہسپتال لاہور میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا،متعلقہ افسران، کنٹریکٹر اور ایکسین نے بریفنگ دی،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا جناح ہسپتال لاہور میں پیڈز ایمرجنسی، سرجیکل یونٹ ٹو، آئی سی یو فرسٹ فلور، میڈیکل یونٹ ٹو، آئی وارڈ، سی سی یو سیکنڈ فلور، گائنی وارڈ، کارڈیک سرجری و دیگر یونٹس کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں آنےوالے مریضوں کی آسانی کیلئے ری ویمپنگ منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ری ویمپنگ منصوبے میں معیار اور شفافیت بارے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کنٹریکٹرز کو 2 شفٹوں میں کام بڑھا کر جناح ہسپتال لاہور میں منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ افسران کو سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت بھی کی،اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر اصغر نقی، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر کاشف جہانگیر، ڈاکٹر شبیر چودھری، متعلقہ ایکسین، کنٹریکٹر و دیگر افسران نے شرکت کی۔

دوسری جانب صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے سرکاری ہسپتالوں کی لائسنسنگ اور اتائیت کے خلاف کارروائیاں ریگولر بنیادوں پر مانیٹر کی جائیں گی، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مزید علاقائی دفاتر اور مرکزی دفتر کی جلد تعمیر کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایچ سی ڈاکٹر ثاقب عزیز نے کمیشن کی کارکردگی، روڈمیپ کے حوالے سے بریفنگ دی۔