لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل لٹریسی وے فارورڈ ہے، 2030تک ڈیجیٹل لٹریسی پر منتقل ہو جائیں گے، ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں نوجوانوں کو 21ویں صدی کی سکلز سے عہدہ برآ کرنا انتہائی ضروری ہو چکا ہے، اس ضمن میں اہم تعلیمی ریفارمز لا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں تعلیمی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 2 ماہ میں 6 ہزار سے زائد بچوں کو گوگل کورسز کروا چکے ہیں، یہ تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ساڑھے 5 لاکھ فری لانسرز اپنی اپنی ٹیکنالوجی سکلز سے دیگر ممالک کو استفادہ کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے عمومی تعلیم میں ٹیکنیکل کورسز کو شامل کیا جا رہا ہے۔ جلد میٹرک ٹیک اور انٹر ٹیک کا بھی آغاز ہوگا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ سرکاری سکولوں کا انفراسٹرکچر بہتر کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ 2025ءتک سرکاری سکول معیاری سکول بن چکے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کو اس حد تک موثر بنائیں گے کہ سیاستدانوں کے بچے بھی انہی سکولوں میں پڑھنے کو ترجیح دیں گے۔
ڈیجیٹل لٹریسی وے فارورڈ، 2030ءتک ڈیجیٹل لٹریسی پر منتقل ہوجائیں گے :رانا سکندر حیات
















