بیرسٹر صاحب ! نواز،شہباز کی سیاست سمجھنے کیلئے آپ کو دوبارہ جنم لینا پڑے گا،عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے بیرسٹر صاحب! نواز،شہباز کی سیاست سمجھنے کیلئے آپ کو دوبارہ جنم لینا پڑےگا،نند بھاوج میں زمان پارک گھر کے بعد پارٹی پر قبضے کی لڑائی چل رہی ہے۔

مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا علیمہ ،بشریٰ کے درمیان لڑائی نکاح کے فوری بعد سے جاری ہے، بیرسٹر صاحب آپ 3 میں ہیں نہ 13 میں، آپ کو بشریٰ بیگم جانتی ہے نہ ہی علیمہ خان،بیرسٹر صاحب آپ کو یاد ہے ن میں سے شین نکالنے والا ایک بازی گر 40 دن کا چلہ بھی کاٹ چکا ۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہاآپ اپنے جعلی مولا جٹ وزیراعلیٰ کی کارکردگی قوم کو بتائیں، علی امین گنڈاپور ٹی وی سکرینوں پر بغلیں بجاتے بند کمروں میں پاو¿ں پکڑتے ہیں،نواز ،شہباز کی سیاست کو سمجھنے کیلئے آپ کو دوبارہ جنم لینا پڑے گا، دونوں پاکستان پر حکومت کر رہے ہیں، آپ کے ظل تباہی جیل میں پستے بادام کھا رہے ہیں۔