اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان نے ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ اور علاج کیلئے عالمی برادری سے 25 کروڑ ڈالرز مانگ لئے۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختاربھرتھ نے ہیپاٹائٹس پر آگاہی پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وفاق اور صوبوں نے 50 فیصد آبادی کی اسکریننگ اور علاج کیلئے 70 ارب روپے رکھے ہیں۔ڈاکٹرمختار نے بتایا کہ بقیہ 50 فیصد آبادی کی ہیپاٹائٹس سکریننگ اور علاج کیلئے 25 کروڑ ڈالرز درکار ہیں، امید ہے عالمی برادری پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے خاتمے کیلئے درکار فنڈنگ مہیا کریگی۔انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے حکومت مربوط اقدامات یقینی بنارہی ہے، ملک بھر میں ہیپاٹائٹس سی کے کیسوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، پروگرام کے تحت 12 سال سے زائد عمر کی آبادی کی وسیع پیمانے پر سکریننگ ہوگی جس سے مریضوں کا ٹیسٹ اور علاج مفت کیا جائے گا۔ڈاکٹرمختارنے کہا کہ حکومت 2030 تک وائرل ہیپاٹائٹس کے خاتمے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کی جنگ عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی، خون سے پھیلنے والا انفیکشن ہیپاٹائٹس سی متاثرہ خون کی منتقلی سے پھیلتا ہے، ہیپاٹائٹس سی سے بچاو¿ کا بہترین طریقہ وائرس کی منتقلی والے عوامل پر احتیاط ہے جس کیلئے ہمیشہ اسکرین شدہ خون لگوایں۔انہوں نے کہا کہ کبھی بھی ایسی اشیاءاستعمال نہ کریں جن پر دوسرے لوگوں کا خون لگ سکتا ہو، ہیپاٹائٹس سی کی کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے، یہ ایک خاموش بیماری ہے کیونکہ اس کی کوئی علامت نہیں، بیماری کی کیفیت جاننے کا واحد طریقہ ٹیسٹ کروایا جائے، پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کا انتہائی مو¿ثر علاج موجود ہے، پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے علاج میں کامیابی کی شرح 95 فیصد سے زیادہ ہے۔
ہیپاٹائٹس سکریننگ، علاج کیلئے عالمی برادری سے 25 کروڑ ڈالر مانگ لئے :ڈاکٹر مختار بھرتھ
















