9مئی کے ماسٹر مائنڈ نے منصوبہ بندی کا اعتراف گناہ کرلیا،مریم نواز

لاہور: (اپنے رپورٹر سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے بالآخر 9مئی کے ماسٹر مائنڈ نے منصوبہ بندی کا اعتراف گناہ کرلیا،پی ٹی آئی جماعت نہیں، انتشاری ٹولہ ،مقصد صرف اور صرف شرپسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانا ہے ،زمان پارک دہشت گردوں کا تربیتی ہیڈ کواٹر بنا رہا، پٹرول بم بنانے ،ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا9مئی کے مجرم نے منصوبہ ساز ی ،سہولت کاری کا اعتراف کر لیا، 4ماہ ٹانگ پر پلستر باندھنے کے ڈرامے کے دوران 9 مئی کی منصوبہ بندی کی گئی ،کیسا پرامن احتجاج تھا ،200سے زائد فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے، ائیرفورس کے طیاروں کو آگ لگائی گئی، کور کمانڈرز ہاﺅس جلائے گئے، شہدا کی توہین کی گئی ، پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے، آئی ایم ایف کو خط لکھنے، سائفر لہرانے کی سازشیں، شہداکی بے حرمتی بڑی سازش کا حصہ ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا شواہد و ثبوتوں کی موجودگی میں آئین اور قانون پر عمل کرتے ہوئے شرپسند، انتشاری ٹولے کےخلاف سخت کارروائی ہونا ملکی سلامتی و قومی مفادات کا تقاضا ہے یہ وہی سازشی گروہ ہے جس نے دوست ممالک کو پاکستان سے دور کیا، قیادت کےخلاف بدزبانی ، سی پیک اور چین پر بے بنیاد الزامات لگائے، دھرنے سے چینی صدر کا دورہ نہ ہونے دیا،2014میں پارلیمنٹ، پی ٹی وی، وزیراعظم ہاﺅس پر حملے کیے، پولیس کے سرپھاڑے، سپریم کورٹ کی دیواروں پہ گندے کپڑے دھوئے، ڈی چوک میں قبریں کھودیں۔