تمام ریکارڈ پاش پاش، 2 سال میں بجلی کا بنیادی ٹیرف 22.53روپے یونٹ تاریخی مہنگا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)شہباز کی وزرات عظمیٰ میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ،صرف 2 سال کے دوران بنیادی ٹیرف میں 22.53روپے یونٹ کاتاریخی اضافہ کیا گیا،مستقل سرچارج ملاکر 2 سال میں بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں اضافہ 25 روپے 76 پیسے بنتا ہے ،محض 2 سال کے دوران صارفین پر 2 ہزار ارب سے زائد کا اضافی بوجھ لاددیا گیا۔

ذرائع وزارت توانائی کے مطابق شہباز حکومت میں پہلی بار بجلی کے گھریلو صارفین پر ماہانہ ایک ہزار تک فکسڈ چارجز بھی لگا دئیے گئے،قیام پاکستان سے لے کرجون 2022 کے ابتدائی 75سال میں کسی بھی وزیر اعظم کے ہوتے ہوئے بجلی کی قیمت میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا صرف 2 سال میں کیا گیا۔

دوسری جانب وزیر توانائی اویس لغاری نے کہاتوانائی سیکٹرکے قرضوں کا بوجھ بجلی صارفین سے لیا جا رہا ہے،بجلی کی پیداواری قیمت 8 سے 10 روپے یونٹ ہے ،ترسیلی نظام کے چارجز فی یونٹ ڈیڑھ سے 2 روپے ہیں، ڈسکوز کے اخراجات فی یونٹ 5 روپے پڑتے ہیں،سب سے بڑا خرچہ 18 روپے یونٹ کیپیسٹی چارجز کا ہے،35 روپے یونٹ بجلی کی قیمت میں ٹیکسز شامل نہیں ،جنوری میں بجلی کی قیمت میں 3 سے 5 فیصد کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

ادھر سابق وفاقی وصوبائی وزیرگوہر اعجاز، ایس ایم تنویر نے کہا بجلی کے موجودہ ریٹس پر انڈسٹری نہیں چل سکتی،حکومت کو بار بار کہا مہنگی بجلی پر کیوں جا رہے ہیں، جہاں سے سستی بجلی مل رہی ہے وہاں سے لیں اتنے زیادہ سود پر کیسے لوگ چلیں گے، ساری قوم سود خور ہوتی جا رہی ہے، کوئی کاروبار نہیں کرنا چاہ رہا،مہنگی بجلی کی وجہ سے لوگ رو رہے ہیں، حل کون نکالے گا،کاروبار چلے گا، صنعت چلے گی تو ملک چلے گا، بزنس کمیونٹی اپنا فرض ایمانداری سے ادا کرے۔