فائدے میں نہ ہونے والے آئی پی پیز کو خیر باد کہہ دینگے،وزیر توانائی

اسلا م آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)حکومت نے فائدے میں نہ ہونے والے آئی پی پیز کو خیر باد کہنے کاعندیہ دےدیا۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا موجودہ آئی پی پیز کے کنٹریکٹ کا جائزہ لے رہے ہیں، فائدے میں نہ ہونے والوں کوخیر باد کہہ دیں گے تاکہ عوام پر سے بوجھ ختم ہو،بجلی کے معاہدوں پر یکطرفہ کارروائی نہیں کر سکتے، حکومت نے آئی پی پیز کو گارنٹیز دے رکھی ہیں، ہم ایسی قوم ہیں جو عالمی معاہدوں کی پاسداری کرتی ہے

قبل ازیںسابق نگران وفاقی وزیر تجارت گوہراعجاز نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے آئی پی پیز کو کی گئی ادائیگیوں کا ریکارڈ مانگ لیا۔

گوہر اعجاز نے کہا تمام 106 آئی پی پیز کا ڈیٹا پبلک کیا جائے، قوم کو بتایا جائے کس بجلی گھر نے اپنی صلاحیت کے مطابق کتنی بجلی پیدا کی، آئی پی پیز کو ادا کی کیپسٹی پیمنٹس کا ریکارڈ بھی پبلک کیاجائے، آئی پی پیز کی پیداواری لاگت کا ڈیٹا عوام کے سامنے رکھا جائے، آئی پی پیز میں سے 52 فیصد پلانٹس سرکاری ملکیت میں ہیں، سرکاری آئی پی پیز 50 فیصد سے کم بجلی پیدا کر رہی ہیں، بدانتظامی کی100 فیصد قیمت صارفین بلوں میں ادا کرتے ہیں، باقی 48 فیصد آئی پی پیز 40 خاندانوں کی ملکیت ہیں، باقی آئی پی پیز 50 فیصد کی صلاحیت سے چل رہے ہیں، آئی پی پیز 2100 ارب سے زائد کی کیپسٹی پیمنٹس وصول کر رہیں، صارفین سے فی یونٹ 24 روپے کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں چارج کیے جارہے ہیں۔