لاہور (خبرنگار) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے چیمبر لاک ہونے کی وجہ سے اسمبلی کے باہر ٹینٹ لگا کر چیمبر قائم کرنے کی درخواست جمع کرادی۔سنی اتحاد کونسل کے اراکین اسمبلی فرخ جاوید مون اوراویس ورک کی جانب سے سیکرٹری اسمبلی کو جمع کرائی گئی درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسمبلی کے باہر ٹینٹ لگانے کی اجازت دی جائے، ٹینٹ چیمبر کیلئے بجلی کا کنکشن اور فرنیچر لانے کی اجازت دی جائے۔فرخ جاوید مون نے کہا کہ امید ہے سپیکر پنجاب اسمبلی مسلم لیگ (ن) کے شاہی فرمان کے بجائے آئین و قانون پر عمل کریں گے۔ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے کہا کہ ہفتہ کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر دوبارہ اپنی عوامی اسمبلی لگائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مرکزی ایجنڈا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی ہوگا جس کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی میں ہمارا چیمبر لاک ہے ، ہم نے درخواست جمع کرائی ہے کہ ہمیں اسمبلی کے باہر چیمبر الاٹ کیا جائے جو ٹینٹ لگا کر قائم کیا جائے گا ۔ہم اس وقت نہیں جائیں گے جب تک ہمیں اس کی یقین دہانی نہیں کرائی جائے گی ہم احتجاج کریں گے اور دوبارہ ہمارا چیمبر لاک نہیں ہوگا۔ مطالبہ ہے کہ 11اراکین کو اسمبلی میں داخل ہونے دیا جائے ، یہ پہلا موقع ہے کہ اراکین کواسمبلی کی دیوار کے اندر بھی نہیں جانے دیا جارہا ، ہم اس اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا بھی حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اراکین کو 15اجلاسوں کے معطل کیا گیا ہے جبکہ رولز آف پروسیجر میں 15روز کا ذکر ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی اسمبلی میں فارم 45پر جیتنے والے اراکین اسمبلی اور مخصوص سیٹوں والے اراکین بھی شرکت کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ ٹک ٹاکر وزیر اعلیٰ اپنے چچا کی پالیسی کے خلاف کیوں کیمپ نہیں لگاتیں ۔ ساڑھے 12 کروڑ عوام کی نام نہاد وزیر اعلیٰ کو کیمپ لگانا چاہیے ۔ علاوہ ازیں اپوزیشن کی جانب سے اسمبلی کے باہر بلائے گئے علامتی اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق اجلاس 11بجے منعقد ہوگا جس کی صدارت اعجاز شفیع کریں گے ۔اجلاس میںفارم 45پر جیتے ہوئے باقی رہ جانے والے اراکین اسمبلی رکنیت کا علامتی حلف لیں ۔ اجلاس میں ٹیکسوں، مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں کے خلاف احتجاج کے علاوہ متفرق قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماﺅں کی رہائی کیلئے بھی احتجاج کیا جائیگا۔
اپوزیشن کی پنجاب اسمبلی کے باہر ٹینٹ لگا کر چیمبر قائم کرنے کی درخواست
















