شہباز نے اپنی شہ رگ کاٹ دی،آئی ایس آئی کو فون ٹیپنگ کی اجازت چیلنج کرینگے،عمر ایوب

سلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے آئی ایس آئی کو فون ٹیپنگ کی اجازت کا نوٹیفکیشن چیلنج کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے شہباز شریف نے اپنی شہ رگ کاٹ دی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا فارم 47 والی حکومت کی طرف سے ایس آر او 1005 (I)/2024 نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں آئی ایس آئی کو قومی سلامتی کو جواز بناکر کسی بھی شخص کی فون پر گفتگو کو ٹیپ کرنے کا اختیار دےدیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا فاشسٹ حکومت کی جانب سے ہی کسی انٹیلی جنس ایجنسی کو شہریوں کی فون ٹیپنگ کا مکمل اختیار دیا جاسکتا ہے، شہباز شریف نے فیصلے سے عملی طور پر اپنی شہ رگ کاٹ دی ،ایس آر او وہ آلہ ہوگا جسے آئی ایس آئی بلاول بھٹو، آصف زرداری، مریم نواز سمیت تمام سیاستدانوں ،میڈیا سے وابستہ افراد کو بلیک میل اور مغلوب کرنے کےلئے استعمال کرے گی، غیر قانونی نوٹیفکیشن کو اپنے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کے توسط سے چیلنج کروں گا۔

عمران ایوب نے مزید کہابجٹ عوام کےخلاف معاشی دہشت گردی ہے،وزیراعظم شہبازشریف نے خود کہا بجٹ آئی ایم ایف نے بنایا ہے، بجلی کا یونٹ آئندہ کچھ دنوں میں 100 روپے سے اوپر جائے گا، ڈالر کی مصنوعی قیمت 275 روپے ہے، آئندہ دنوں میں 300 روپے سے اوپر جائے گا۔