پنجاب میں عالمی معیار کا تعلیمی نظام ”ارلی ائیر ایجوکیشن سسٹم“ شروع کر رہے ہیں:مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے )پنجاب حکومت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کے عالمی شہرت یافتہ ماہر سر مائیکل باربر کے درمیان ملکر کام کرنے پر اتفاق ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے سر مائیکل باربر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات ،سینئر وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سر مائیکل باربر کے ماضی کے تعاون اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تکنیکی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ سینئر وزیر پنجاب نے وفد کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے تعلیم، نوجوانوں کی ہنرمندی، ماحولیات سمیت گورننس کے نظام میں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر بریف کیا ۔ پورے صوبے میں ہر بچے اور بچی کی تعلیم یقینی بنانے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے،سکولوں میں تمام سہولیات، استاد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تعلیم کے پوتے نظام کی اصلاح کی جا رہی ہے۔ پہلی بار پسماندہ ترین اضلاع میں 20 ارب روپے سے سرکاری سکولوں میں بچوں کیلئے کھانے اور دودھ کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ بچوں کے اوّلین سالوں میں عالمی معیار کا بہترین تعلیمی نظام ”ارلی ائیر ایجوکیشن سسٹم“ شروع کر رہے ہیں،پنجاب کی 10 یونیورسٹیوں کے طلبا وطلبات کو انٹرنیشنل سکالرشپ پر پڑھائیں گے۔ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں کا آغاز کر دیا، کسان کریڈٹ کارڈ سے معیاری بیج، کھاد اور ٹریکٹر سمیت مشینری دے رہے ہیں، ہمت کارڈ پروگرام کیش اور سکل ڈویلپمنٹ کے زمرے میں شروع کررہے ہیں۔ آئی ٹی سٹی لاہور سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے وسیع پروگرام پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے، ڈیجیٹل پنجاب کے ذریعے سرکاری خدمات گھروں تک پہنچانا شروع کر دیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت کے تمام نظام کی اوور ہالنگ کر رہی ہیں، کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال سے لاکھوں مریضوں کا علاج ہوچکا ہے شہروں کے ساتھ دیہات میں ماں اور بچے کے علاج کی جدید سہولیات، مفت ادویات اور تشخیص و علاج کی جدید مشینری بھی فراہم کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے آئی ٹی کے استعمال سے تیار کردہ سکور کارڈ سے وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کو منسلک کر دیا ہے،کارکردگی کے اہداف پر پیشرفت کی نگرانی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود کر رہی ہیں۔ خسرہ،پولیو اور دیگر وبائی امراض کی ویکسی نیشن اورعلاج کے حوالے سے گراس روٹ لیول پر کام جاری ہے، فضائی آلودگی اور سموگ کے خاتمے کے ملٹی سیکٹورل سموگ ایکشن پلان پر حکومت اور نجی شعبہ جنگی بنیادوں پرکام کررہا ہے۔ وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کی عوامی خدمات، نظام میں بنیادی تبدیلی کے ویژن اور آئی ٹی کے استعمال کے منصوبوں کو سراہا سر مائیکل باربر برطانوی وزیراعظم ٹونی بلئیر کے ڈلیوری یونٹ کے علاوہ دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں حکومتی شعبے میں اصلاحات کیلئے کام کر چکے ہیں۔