تمام بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کو ری ویمپ کیا جائیگا : خواجہ عمران نذیر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام 2500 رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کا کام ستمبر میں شروع کر دیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب دیہی مراکز صحت اور آر ایچ سیز میں ڈاکٹرز و عملہ کی تعیناتی، ادویات کی فراہمی یقینی بنائیگی اور دور دراز علاقوں میں ان مراکز صحت کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنا دیا جائےگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں بی ایچ یو بینی سلہریا کے دورہ کے موقع پر کیا، صوبائی وزیر صحت نے ڈسٹرکٹ جیل ہسپتال سیالکوٹ کا بھی دورہ کیا اور لنگڑے والی میں کلینک آن ویلز کا معائنہ کیا ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذوالقرنین، سابق ایم پی اے رانا لیاقت علی، سپرنٹنڈنٹ جیل ملک بابر علی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکومت پنجاب عملی کام پر یقین رکھتی ہے، حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کو یکساں ڈیزائن کے مطابق ری ویمپ کیا جائیگا اور یہ منصوبہ رواں مالی سال میں ہی مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات بہتر بنانے کے ساتھ کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال کے منصوبے بھی شروع کئے گئے ہیں، ان پراجیکٹس کا مقصد دور دراز علاقوں کے مکینوں کو گھر کی دہلیز پر صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نیکہا کہ کلینک آن ویلز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا انقلابی منصوبہ ہے جس سے روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کلینک آن وہیلز منصوبہ میں فیڈ بیک سسٹم کو بہتر بنایا جائے، علاج کیلئے آنیوالوں کا نام و پتہ کیساتھ موبائل فون نمبر بھی نوٹ کیا جائے جبکہ اعلی افسران چنیدہ نمبروں پر فون کرکے خدمات کے معیار بارے دریافت کریں۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ جیل ہسپتال کے دورہ کے موقع پر زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، ہسپتال کی لیب اور ایکسرے روم کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و طبی عملہ کی کمی پوری کرنے، بہتر طبی آلات کی فراہمی، لیب میں سہولیات کی بہتری اور ادویات کی فراہمی کیلئے وسائل فراہم کئے جائیں گے، ڈسٹرکٹ جیل ہسپتال میں ویمن میڈیکل آفیسر کی آسامی پر جلد تعیناتی کر دی جائے گی۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ذوالقرنین، سپرنٹنڈنٹ جیل ملک بابر علی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان احمد نے بریفنگ دی۔