ہمایوں سعید اور ماہرہ خان فلم”مرزاجٹ“ میں جلوہ گر ہونے کو تیار

کراچی (مشرق نیوز) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور خوبرو فنکار ہمایوں سعید کی 9 سال بعد بطور جوڑی فلمی دنیا میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کی خبروں نے زور پکڑ لیا۔ماہرہ خان اور ہمایوں سعید 9 سال قبل پاکستانی فلم 'بِن روئے' میں جلوہ گر ہوئے تھے جس میں دونوں کی کیمسٹری فلم بینوں کے دلوں کو چھو گئی تھی۔فلم میں ماہرہ خان نے صبا نامی شوخ مزاج لڑکی کا کردار نبھاتی نظر آئی تھیں جبکہ ہمایوں سعید 'ارتضیٰ' نامی کردار ادا کرتے دکھے جو صبا کی پہلی محبت اور تایا کے بیٹے کا کردار تھا۔صبا اور ارتضی کی جوڑی جو فلم بینوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد یہ جوڑی دوبارہ کسی فلم میں ایک ساتھ کام کرتی نظر نہیں آئی۔اب یہ ہردلعزیز جوڑی ایک پنجابی فلم کے لیے یکجا ہونے جارہی ہے جس کا نام ”مرزا جٹ“ بتایا جارہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ”مرزا جٹ“ کی کہانی پاکستانی معروف لکھاری خلیل الرحمان قمر لکھیں گے جبکہ فلم کی ہدایتکاری کی زمہ داری ندیم بیگ سنبھالیں گے۔یاد رہے کہ خلیل الرحمان ماضی میں عورت مارچ کے سبب بننے والے تنازع پر ماہرہ خان سے خفا ہوگئے تھے اور انہوں نے یہ اعلان کردیا تھا کہ اب وہ کبھی بھی ماہرہ خان کے ساتھ کام نہیں کریں گے لیکن پھر مئی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے فلم ”مرزا جٹ“ میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ دے دیا تھا۔یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال کیا جائیگا لیکن کس ماہ سے ہوگا یہ تاحال نہیں بتایا گیا ہے۔