گرڈ سٹیشنز بند کرنا 2014 کے دھرنے کی تربیت کا نتیجہ ہے:عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے )نیاریکار ڈ قائم،پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اضافی وصول کردہ کرائے کی رقم مسافروںکو واپس ،وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ثابت کر دیا اپنے حکم پر عملدرآمد کیسے کراتے ہیں،روٹی پیکیج ہو یا رمضان پیکیج، مریم نواز نے کرکے دکھا دیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کےساتھ ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا وزیربلدیات نے عیدالاضحی پر صفائی کے بہترین انتظامات کرائے، وزیراعلیٰ پنجاب صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں، پنجاب حکومت نے مسافر گاڑیوں کے زائد کرائے وصول کرنے کےخلاف کریک ڈاون کیا،3 دن میں مسافروں کو 14 لاکھ 67 ہزار روپے واپس کرائے، ایک ہزار 448 گاڑیوں کے چالان کئے گئے، حکومتی احکامات نہ ماننے پر 9 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا جب بجلی استعمال کرنی ہے تو پیسے دینے پڑیں گے،یہ لوگ 2014 کا دھرنا پارٹ 2 دوبارہ چاہتے ہیں، 2014 کے دھرنے میں کہا گیا بل جلا دو، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے اس لیے دھمکیاں دیتے ہیں،گرڈ سٹیشنز بند کرنا 2014 کے دھرنے کی تربیت کا نتیجہ ہے، چاہتے ہیں خیبرپختونخوا کے عوام بھی خوشحالی دیکھیں،عظمیٰ بخاری نے کہاسیاسی کچرا اٹھانا ہماری ذمہ داری نہیں ،تمام اداروں کو چاہیے کچرا اٹھا کر اپنے سر پر نہ ڈالیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی حکومت میں کوئی چیز کچھ دنوں کیلئے نہیں۔

ذیشان رفیق نے کہا عید کے دنوں میں صفائی کے بہترین اقدامات کئے گئے، ورکرز نے گرمی میں دن رات کام کیا، سینٹری ورکرز کی محنت کی وجہ سے ہم سرخرو ہوئے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دن رات کام کر کے صفائی کے نظام کو فعال رکھا، ذیشان رفیق نے کہا پہلی بار پنجاب میں غیرقانونی بکرا منڈیاں نہیں لگ سکیں، بکرا منڈیوں میں صفائی سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں، صوبے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فری بکرا منڈیاں لگائی گئی، صفائی کیلئے 55 ہزار سینٹری ورکرز نے شدید گرمی میں تینوں دن کام کیا، ایک لاکھ 88 ہزار ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، پنجاب میں 18 لاکھ مویشی فروخت ہوئے، عید کے دنوں میں 38 ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ناممکن کو ممکن کرکے دکھایا،وزیر بلدیات نے مزید کہا سڑکوں کو کلورین اور عرق گلاب سے دھویا گیا، سب قائد نواز شریف کے ورکرز ہیں، قائد نواز شریف کے ترقی وخوشحالی کےاقدامات کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں۔