ہمارا مقصدمعیشت کو مضبوط بنانا جہاں تمام کاروبار ترقی کر سکیں: گورنر سٹیٹ بینک

کراچی (بیورو رپورٹ) گورنرسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی طرف سے تجویز کردہ ترجیحی شعبوں میں اقدامات کے نفاذ کیلئے پہلی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پاکستان کے تین اہم شعبوں زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی میں بینکنگ انڈسٹری کا تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اجلاس گزشتہ ماہ وفاقی وزیر ِ خزانہ ومحصولات اورنگزیب کی زیرصدارت ہوئی میٹنگ کے تسلسل میں تھا جہاں انہوں نے بینکنگ سیکٹر پر زور دیا کہ وہ ان شعبوں سے متعلق حکومت کی اقتصادی پالیسوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مکمل تعاون کریں ۔ گورنرسٹیٹ بینک نے کہاہمارا مقصدمعیشت کو مضبوط بنانا ہے جہاں ہر سائز کے کاروبار ترقی کر سکیں۔ یہ اقدامات ترقی کے فروغ، اختراع کی حوصلہ افزائی، اور پائیدار ترقی کی حمایت کیلئے بنائے گئے ہیں۔ ہم پرعزم ہیں کہ ہمارا مالیاتی نظام معاشی بحالی اور طویل مدتی خوشحالی کو آگے بڑھانے کیلئے ہر ممکن مددفراہم کرتا ہے۔ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی مخصوص ٹاسک فورسز کے تعاون اور سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کی باہمی مشاورت سے فی الحال یہ سٹرٹیجک اقدامات نافذ کئے جائیں گے۔ ان اقدامات کے نفاذ کے بعد ترجیحی شعبوں کی مالی اعانت میں مسلسل اضافہ ہو گا۔ ظفر مسعود چیئرمین پی بی اے نے کہا کہ وزیر خزانہ کی خواہش کے مطابق بینکنگ سیکٹر کی جانب سے اہم وقت پریہ اقدامات شروع کئے گئے ہیں جب کاروبار اور صارفین دونوں ہی استحکام اور ترقی کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ ان شعبوں کو ترجیح بنا کرسنٹرل بینک اور وزارت خزانہ مستقبل کیلئے مستحکم اور متحرک معیشت کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔