لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہیں۔ پاکستان خوردنی تیل اور سویابین کی سالانہ 10 ارب ڈالر کی درآمد کرتا ہے جو کہ ملکی معیشت پر ایک بوجھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خوردنی تیل کے ملکی درآمدی بل میں کمی لانے اور سویابین کے زیر کاشت رقبہ میں اضافے کیلئے ایک جامع پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے لاہور میں منعقدہ مشاورتی سیشن کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب میں زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے نئے دور کا آغاز کر دیا گیا ہے اور 400 ارب روپے کی کثیر لاگت سے ” ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام“پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیلدار اجناس اور سویابین کی پیداوار میں فروغ کیلئے ویلیو چین میں بہتری لانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ موجودہ حکومت اس مقصد کیلئے انڈسٹری اور کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کرے گی اور اس ضمن میں کاشتکاروں، انڈسٹری اور مارکیٹ کے لنکیجز کو بہتر بنایا جائیگا۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے لائیو سٹاک،انڈسٹری اور زراعت پر مشتمل جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ سویابین کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔وزیر زراعت پنجاب نے انڈسٹری پر زور دیا کہ تیلدار اجناس کے درآمدی بل میں کمی لانے اور سویابین کے فروغ کیلئے حکومت پنجاب کا ساتھ دیں اور آج کے مشاورتی سیشن میں وہ قابل عمل تجاویز پیش کریں جس سے ایک جامع پروگرام کو ترتیب دیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تیلدار اجناس اور سویابین کی کاشت کو فروغ دیکر غذائی خود کفالت کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سویابین کی کاشت کے فروغ کیلئے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کی خدمات قابل ستائش ہیں یونیورسٹی فیصل اباد نے جامع پروگرام کے تحت پاکستان میں 170 جگہوں پر 700 ایکڑ رقبہ پر سویا بین کی کاشت کی ہے۔ وزیر زراعت پنجاب نے اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زراعت کی ترقی کیلئے کئی منصوبے منظور ہوئے ہیں۔ ان منصوبوں پر عمل درامد جاری ہے۔ آج کے سیشن کا مطلب تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک چھت کے نیچے بٹھا کر تیل دار اجناس کی پیداوار اور ویلیو ایڈیشن کے بارے میں قابل عمل تجاویز حاصل کرنا ہے۔ خوردنی تیل اور سویابین کے درآمدی بل میں کمی لانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز قابل عمل تجاویز پیش کریں۔ ایک زرعی ملک ہونے کے ناطے صرف کھانے کے تیل اور سویابین پر اتنا زیادہ زر مبادلہ خرچ کرنا ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ اس کے علاوہ درآمدی پام آئل کا گھٹیا معیار عوام الناس کے لیے صحت کے مسائل پیدا کر رہا ہے۔ آج کے سیشن میں شریک ماہرین کی تجاویز اور رائے کی بنیاد پر ایک ایسا منصوبہ تیار کیا جائیگا جو تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے فائدہ مند ہوگا اور جس سے تیلدار اجناس اور سویابین کی کاشت کو نہ صرف فروغ حاصل ہوگا بلکہ انڈسٹری کی سپورٹ سے کاشتکاروں کو بہتر معاوضہ بھی ملے گا۔
سالانہ 10 ارب ڈالر خوردنی تیل، سویابین کی درآمد معیشت پر بوجھ ہے :عاشق کرمانی
















