پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے: تاجر برادری

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید ) کاروباری برادری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو عوام کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم 70 روپے پر لیٹر کمی کرنے اور شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔روز نامہ ”مشرق“لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تاجر رہنما میاں سلیم، وقار احمد میاں، ملک کلیم نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے مطابق کمی ہونی چاہیے تھی۔ اگر آج عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو حکومت 15 جون کا انتظار بھی نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار تقریباً ختم ہو چکے ہیں حکومت کو چاہیے کہ شرح سود کو سنگل ڈیجٹ پر لیکر آئے تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہو سکے۔ ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی لاہور ہوٹل اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے صدر آصف خان قومی تاجر اتحاد کے سید ممتاز حسین بخاری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ اوگرا نے کس فارمولے کے تحت کمی کی ہے یا آئی ایم ایف سے آرڈر آ گیا تھا۔ شرح سود اس وقت پاکستان میں پوری دنیا سے زیادہ ہے۔ ان حالات میں کون سرمایہ کاری کریگا اس بات پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔