محکمہ سوئی گیس بھی لیسکو کی روش پر گامزن، چھ ماہ میں اربوں روپے اووربلنگ کرکے عوام کی جیبوں سے نکلوالئے

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید ) لیسکو کی روش پر چلتے ہوئے سوئی نادرن گیس نے بھی اوور بلنگ کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے اربوں روپے عوام کی جیبوں سے نکال لئے۔ گزشتہ چھ ماہ سے 600 گنا زیادہ بل بھجنے کا سلسلہ جاری ہے، جس گھر کا بل پہلے 190 روپے آتا تھا اب 1000 سے 3000 تک آرہا ہے۔ محکمے کی طرف سے میٹر ریڈرز کو جان بوجھ کر مبہم اور غیرواضح میٹر ریڈنگ کی تصاویر بنانے کے احکامات ہیں کیونکہ عام آدمی کو پتہ ہی نہیں کہ گیس کا یونٹ کیا ہوتا ہے، HM 3 کیا ہے MMBTU کیا ہے اور اوپر سے فکسڈ چارجز اور دیگر ٹیکسوں نے عام آدمی کی زندگی مزید اجیرن بنا دی ہے۔ اس سلسلے میں روزنامہ ”مشرق“ کی سینئر تاجر رہنماوں سے بات ہوئی تو میاں سلیم نے کہا کہ پہلے 24 گھنٹے گیس آتی تھی تو بل 190 سے 220 روپے آتا تھا، لیکن اب چند گھنٹوں کیلئے گیس آتی ہے اور بل ہزاروں میں پہنچ چکا ہے۔ کس صارف نے کتنی گیس استعمال کی اس سے قطع نظر بے تحاشا اوور بلنگ کی جارہی ہے۔ لوگ گھروں میں ایل پی جی استعمال کرتے ہیں اور سوئی نادرن گیس والوں کو بل بھی ادا کررہے ہیں۔ ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس تو لیسکو کا بھی ریکارڈ توڑتے کے قریب ہے۔ پرویز مشرف دور میں جن افراد نے سی این جی سٹیشن لگائے اور سرعام گیس چوری کی، انہیں پکڑا گیا اور نہ چوری کروانے والے افسر گرفت میں آئے جبکہ گیس چوری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو گیس کے یونٹ MMBTU کا شعور ہی نہیں ہے۔ ہوٹل اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے تاجر رہنما سد ممتاز حسین بخاری نے کہا کہ گیس مہنگی ہونے کی وجہ سے ہمارا ریسٹورنٹ کا کاروبار تباہ ہوچکا ہے۔ فکسڈ چارجز سیدھا سیدھا جگا ٹیکس ہے جو عوام سے زبردستی لیا جا رہا ہے۔ اگر ملک میں گیس نہیں ہے تو ایم ڈی سوئی گیس کا عہدہ ختم کیا جائے۔ ٹیکنیکل لوگوں کے علاوہ افسران کو فارغ کیا جائے اور ان سے گیس چوری کا حساب لیا جائے اور ریڈنگ درست کی جائے۔