روف حسن پر حملے کا مقدمہ درج،تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایاجائے:پی ٹی آئی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی روف حسن پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا،روف حسن کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج کیے گئے مقدمے میںقتل کی کوشش کی دفعہ شامل ہے۔

پولیس کو بیان دیتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہابظاہر خواجہ سرا نظر آنے والوں نے مجھ پر پارکنگ میں حملہ کیا،2 روز قبل بلیو ایریا میں بھی ایسی ہی کوشش ہوئی تھی۔

دریں اثنا پی ٹی آئی نے روف حسن پر حملے کی تحقیقات کےلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا،پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہامارنے والوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ، تیز دھار آلے سے چہرے کی پوری سائیڈ چیردی،پی ٹی آئی رہنما نے بہادری سے معاملے کاسامنا کیا،مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل نہیں،ایف آئی آر مسترد کرتے ہیں ،عدلیہ کیس پر فی الفور جوڈیشل کمیشن بنائے ،خدانخواستہ وبا ءآگے پھیل سکتی ہے اگراب کسی رہنما پر حملہ ہوا تو ملک گیر پر امن احتجاج کریں گے۔

روف حسن دوران پریس کانفرنس آبدیدہ ہوگئے اور کہاپچھلے 2سال میں میڈیا کی آواز کو بھی مسخ کیا گیا، اداروں کی تضحیک سب کے سامنے ہے،حملہ کرنے والوں کا زاویہ میری گردن تھا، پوری منصوبہ بندی سے کارروائی کی گئی،میرا زخم ٹھیک ہوجائے گا شاید نظر بھی نہ آئے مگر جو گھاو ریاست کے اوپر لگائے ہیں وہ مائل نہیں ہوں گے، 1971 کے واقعات کو دہرایا جارہا ہے، ریاست کو بند گلی میں دھکیل دیا گیا ،جمہوریت واپس لیکر رہیں گے۔

ادھر سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا حکومت روف حسن پر حملے کو پوری سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،تحقیقات کےلئے ایس پی حسن جہانگیر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیدی ،ظاہری طور پر روف حسن پر حملہ کرنےوالے ٹرانس جینڈر تھے۔

،دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات روف حسن پر حملے کی تحقیقات کےلئے خواجہ سراوں سے مدد طلب کرلی جبکہ پولیس نے ایف آئی آر پر پی ٹی آئی ترجمان روف حسن کے اعتراضات مسترد کر دئیے۔

ترجمان پولیس نے کہا روف حسن کی جانب سے تحریری درخواست دینے پر ایف آئی آر کا متن بنایا گیا،تحریری درخواست پر دستخط و نشان انگوٹھا بھی ہے،خواجہ سراءکمیونٹی کی عہدیدار نایاب علی نے کہا روف حسن پر حملے کی ویڈیو دیکھی، حملہ آور خواجہ سرا نہیں لگتے،کمیونٹی کو بدنام کرنے کی سازش ہے، ویڈیو میں نظر آنےوالے افراد کی باڈی لینگویج خواجہ سراوں جیسی نہیں۔

مزید برآںاقوام متحدہ کا 5رکنی وفد روف حسن سے ملاقات کےلئے تحریک انصاف کے اسلام آباد میں قائم مرکزی سیکریٹ پہنچا اورمرکزی ترجمان روف حسن کی خیریت دریافت کی،وفد میں شامل 3لوگ نیویارک اور 2اسلام آباد آفس سے تھے۔