کراچی:(بیورورپورٹ)عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے،جماعت اسلامی نے 16مئی کو حکومت کیخلاف مارچ کااعلا ن کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہاحکومت کو مسائل حل کرنے کےلئے مجبور کریں گے،جماعت اسلامی کراچی کا مقدمہ پورے پاکستان میں لڑے گی،عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے،کراچی کی آواز اب پورے پاکستان میں لیکر جائیں گے،سندھ میں امن و امان کی صورتحال سب کو معلوم ہے، لوگ موٹر وے پر سفر نہیں کررہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا پیپلز پارٹی کی مسلسل 16 سال سے حکومت ہے، ملی بھگت کے بغیر ڈاکو طاقتور نہیں ہوسکتے ، کچے ،پکے کے ڈاکووں کا اشتراک ہے،عوام کو ظالم حکمرانوں کےخلاف ڈٹ کر کھڑے ہونا ہوگا،ظالم طبقے سے اپنا حق لیں گے، لاہور میں کسانوں کا مسئلہ ہے، ایک طرف بڑے جاگیر دار تو دوسری طرف چھوٹا کسان ہے، حکومت نے وعدہ کیا تھا گندم خریدیں گے، پنجاب میں بھتیجی کی حکومت ہے، حکومت اپنے اعلان سے پیچھے ہٹ گئی ۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا حکومت والے فارم 47 کی بنیاد پر مسلط ہوئے ،حکمران فیملی انٹرپرائیزز ہیں اور اب کہہ رہے ہیں گندم نہیں خریدیں گے،گندم بحران ابھی تک حل نہیں کیا گیا، 16 مئی کو لاہور میں کسانوں کا مارچ ہوگا،مارچ میں عوامی مسائل و کسانوں کے حق پر بات ہوگی،آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش ہے،جب کچھ بھی فراہم نہیں کیا جائے گا تو عوامی ردعمل فطری ہے تاہم شرپسندوں کی کسی صورت سپورٹ نہیں کرسکتے ۔
حکومت مخالف مارچ کااعلان،کچے ،پکے کے ڈاکووں کا اشتراک ہے،جماعت اسلامی
















